• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موبائل ایپس اور ویب سائٹس سے مکان کی ڈیزائننگ

ذاتی مکان بنانے کا خواب ہر کوئی دیکھتا ہے لیکن کم لوگ ہی اس کی تعبیر پاتے ہیں۔ اگر آپ کا شمار ایسے افراد میں ہوتا ہے جو مکان کی تعمیر کا حتمی فیصلہ کرچکے ہیں تو پھر اس کی ڈیزائننگ کے بارے میں سوچیں۔ ویسے تو ہر کسی کے ذہن میں گھر کی تعمیر کے حوالے سے ایک خاکہ ہوتا ہے لیکن بہتر ہوتا ہے کہ آپ کسی ماہر آرکیٹیکٹ کی خدمات حاصل کرکے اپنی ضروریات کے مطابق اس سے مکان کا ڈیزائن بنوائیں۔

لیکن جب سے اسمارٹ فون آیا ہے، تو اس نے جہاں دیگر معاملات میں ہمارے لیے آسانیاں پیدا کردی ہیں، وہیں اس میں موجود ایپس نے گھر کی ڈیزائننگ کے نت نئے انداز بھی فراہم کردیئے ہیں۔ 

اگر آپ گھر کا ڈیزائن پروسیس جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے آپ کارآمد ایپس ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں۔ آپ کی رہنمائی کیلئے ذیل میں چند ایپس اور ویب سائٹس کا ذکر کیا جارہا ہے، جو آپ کے پورے مکان یا اس کے کچھ حصوں کی ڈیزائننگ میں مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔

آپ کو کیا پسند ہے؟

مکان کا بنیادی ڈیزائن تیار کرنے سے پہلے اس بات پر غور کریں کہ آپ کس قسم کے گھر میں رہنا چاہتے ہیں۔ ڈیزائننگ کے پہلے مراحل تعمیراتی عمل کے بارے میں نہیں بلکہ اپنی خواہشات کے متعلق سوچیں۔ آپ کے ذہن میں پہلے سے ہی کچھ تصورات موجود ہوں گے جن پر صرف تھوڑا سا کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تجزیہ کریں کہ آپ کون سے گھر پسند کرتے ہیں۔ 

اس حوالے سے آرکیٹیکچرل میگزین یا انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس دیکھیں۔ اس سے آپ کو موجودہ رحجانات کا جائزہ لینے میں مدد ملتی ہے۔ چونکہ ذوق اور رجحانات مستقل طور پر تبدیل ہوتے رہتے ہیں، لہٰذا بہت سارے اسلوب جو کچھ عرصہ سے فرسودہ سمجھے جاتے تھے آہستہ آہستہ واپس آرہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں چکر لگاکر دیکھیں کہ وہاں کیسے مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ آپ کو ان مکانات کی تعمیر میں جو چیز پسند آئے اس کو نوٹ کرلیں۔

Planner 5D

یہ ایپ بھی ہوم ڈیزائن تھری ڈی جیسی ہے مگر گھر کی تزئینِ نو کے حوالے سے بہت کارآمد ہے۔ اس ایپ کے ذریعے آپ اپنے کمرے کو 2Dاور 3Dمیں ڈرا کرسکتے ہیں، جس میں فرنیچر، آرائشی سامان اور دیگر سامان بھی بھرا جاسکتا ہے۔ 

ٹیکسچر ز سے بھرپور اس ایپ کوآپ آف لائن بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ ایپ تھوڑی مہنگی ہے، لیکن ا س میں آپ کو جو کچھ بھی ملے گا وہ کُلّی طور پر پیشہ ورانہ لحاظ سے ہوگا۔ اسی لیے یہ ایپ نئے آرکیٹیکچرز کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔

Build.com

بلڈڈاٹ کام (Build.com) گھر میں بہتری لانے کےمشورے دینے والی ایپ ہے۔تعمیرات کے حوالے سے اس میں کئی ٹولز، سپلائز اور دیگر سازوسامان کے فیچرز موجودہیں۔ 

اسے بنیادی طور پر شاپنگ ایپ بھی کہا جاسکتا ہے، یعنی آپ کے گھر میں جو چیز نصب کرنی یا لگانی ہے، اسے آپ اس ایپ کے ذریعے آرڈر کرسکتے یا اپنی وِش لسٹ میں ڈال سکتے ہیں۔ 

اس ایپ کے ذریعے آپ پراجیکٹ ایڈوائزر سے مشورہ بھی کرسکتے ہیں۔بِلڈ ڈاٹ کام کو فری ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

Houzz

ہوم ڈیزائننگ میں ہائو ز(Houzz) ایپ بہت معروف ہے۔ اپنے ڈیزائن کی وجہ سے اس ایپ کے فالورز کی تعدادلاکھوں میں ہے۔ ایک کروڑ سے زائد تصاویر ہونے کے باوجود یہ عمدگی سے کام کرتی ہے۔ آپ اس میں مستقبل میں استعمال ہونے والے آئیڈیاز بھی محفوظ کرسکتے ہیں۔ اس میں موجود اسکیچ فیچر سے آپ اپنے گھر کی ڈیزائننگ کے لیے آئیڈیاز بھی ڈرا کرسکتے ہیں۔ 

اس ایپ میں لاکھوں کی تعدادمیں پراڈکٹس دیکھی جاسکتی ہیں، اس کے علاوہ ان پراڈکٹس کو استعمال کرنے والوں کے ریویوز بھی پڑھے جاسکتے ہیں۔ ہاؤز ایپ کا View in My Roomفیچر تو کمال کا ہے۔ یہ ایپ فری ڈائون لوڈ کی جاسکتی ہے، تاہم ا س میں سامنے آنے والے اشتہارات سے آپ کو کچھ پریشانی ہو سکتی ہے۔

Home Design 3D

ہوم ڈیزائن تھری ڈی(Home Design 3D) ایپ گھر ڈیزائن کرنے کیلئے ایک معروف ایپ ہے۔ اس ایپ کے ذریعے آپ اپنا کمرہ2Dیا 3Dمیں ڈیزائن کرسکتے ہیں، پھر جگہ کے حساب سے فرنیچر اور آرائش کا دیگر سامان سیٹ کرسکتے ہیں۔ اس ایپ کے ڈیٹابیس میں ایک ہزار سے زائد آئٹمز موجود ہیں۔

آپ اپنی جگہ کے حساب سے سامان کے سائز و حجم میں ترمیم کرسکتے ہیں۔ اس طرح آپ کو ایسا صوفہ بھی سیٹ کرنے میں مدد ملے گی، جس کا سائز مختلف ہو۔ یہ ایپ آپ آف لائن بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

PlanGrid

یہ ایپ کنسٹرکشن سے جڑے پیشہ ور افراد کیلئے بہت اہم ہے۔ اگر آپ سول انجینئرنگ یا آرکیٹیکچر کے طالب ہیں توپلان گرڈ (PlanGrid) ایپ آپ کے بہت کام آئے گی۔ تاہم، یہ ایپ کنسٹرکشن ٹیم کو منظم اور اسے جدید اور ترمیم شدہ ڈارئنگز کے حوالے سے اَپ ڈیٹ رکھتی ہے۔ 

اس کے علاوہ یہ ایپ آپ کو سہولت فراہم کرتی ہے کہ آپ اپنی تازہ ترین ڈرائنگز کو کلائوڈ سرور پر شائع اور اپنے ٹیم ممبران سے شیئر کرسکیں۔ اس ایپ میں یہ بھی صلاحیت ہے کہ یہ پرانی ڈرائنگ کو نئی شکل میں ڈھال دیتی ہے۔

یو ٹیوب

یوٹیوب کے بارے میں کون نہیں جانتا۔ گھر میں تبدیلی لانے یا خود سے مرمت کا کام کرنے (DIY-Do it yourself)کے حوالے سے یہ بہترین ہے۔ ا س میں معلوماتی ٹیوٹوریلز لوگوں کے ذاتی تجربات کے ساتھ موجود ہیں۔

یہاں آپ کو گھر میں بہتری لانے کے حوالے سے کئی چینلز ملیں گے، جنہیں آپ فری میں سبسکرائب کرسکتے ہیں۔ یو ٹیوب کے ذریعے آپ خالی پلاٹ پر پورا مکان کھڑا کرسکتے ہیں۔

تعمیرات سے مزید