گھر میں رنگ و روغن کروانا آسان مرحلہ نہیں ہوتا۔ ایک تو رنگ و روغن خریدنے اور مزدوری پر اٹھنے والے اخراجات اور پھر دوسرا اس عمل کے دوران پورا گھر اُلٹ پُلٹ ہوجاتا ہے۔ تاہم کسی گھریلو تقریب، ایونٹ یا تہوار کے موقع پر گھر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے چار و ناچار یہ کڑوا گھونٹ پینا ہی پڑتا ہے۔
لیکن ایک بار جب گھر میں رنگ و روغن ہوجائے تو گھر والوں کو اس کام کے دوران پیش آنے والی تمام تکالیف بھول جاتی ہیں اور وہ گھر میں نیا پن محسوس کرتے ہیں۔ ایک بات ہم بتاتا چلیں کہ اگر آپ چاہیں تو کسی ماہر کی خدمات لیے بغیر اپنے گھر کا نیا پینٹ خود بھی کرسکتے ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر واقعی ایسا ہی ہے تو پھر پروفیشنل پینٹرز کیوں ہوتے ہیں اور پروفیشنل پینٹرز کا کام بہتر کیوں ہوتا ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ رنگ و روغن کے ماہر جانتے ہیں کہ ایک مخصوص جگہ پر کون سا رنگ بہتر جچے گا اور انھیں یہ بھی پتہ ہوتا ہے کہ ہر رنگ کے لیے پینٹ کی کون سی چمک زیادہ موزوں رہے گی۔
دنیا بھر کے معروف انٹیریئر ڈیزائنرز کچھ ایسے رنگوں کا انتخاب کرتے ہیں، جنہیں استعمال کرتے ہوئے گھر میں جدت اور خوبصورتی لائی جاسکتی ہے۔ آج ہم ذکر کررہے ہیں کچھ ایسے خاص رنگوں کا، جن کا استعمال آپ کے گھر کو ٹرینڈی لک دے سکتا ہے۔
پیسٹل کلرز
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ پیسٹل کلرز کونسے ہوتے ہیں، یہ کلرز نرم، ہلکے اور دھیمے رنگوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ماہر تعمیرات اور انٹیریئر ماہرین پیسٹل کلرز کی مقبولیت سے متعلق خاصے پر امید اور پرجوش ہوتے ہیں۔ آپ بھی دوران تعمیر اپنے مکان میں پیسٹل کلرز کا اضافہ کرکے جدید ٹرینڈ پر بآسانی عمل کرسکتے ہیں۔
امریکا کی معروف کلرکمپنی کے مطابق پیسٹل کلرز کا تعلق روحانیت اور شفا یابی سے ہے۔ یہ رنگ انسان کی توانائیوں میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ ان رنگوں کو کچن کیبنٹ یا پھر لیونگ روم کی مرکزی دیوار کے لیے استعمال کرکے گھر بھر کا ماحول بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
ہنٹر گرین
گہرے سبز رنگ کو بھی خاص اور مقبول رنگوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ رنگ گھر کی تعمیر و سجاوٹ کے لیے 90کی دہائی میں استعمال کیا جاتا تھا۔ تاہم اب کئی برس بعد ایک بار پھر ماہرین اس رنگ کو گھر کے مختلف حصوں میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
گہرا سبز رنگ قد رتی دلکشی عطا کرتے ہوئے گھر کے ماحول کو سکون اور اطمینان بخشا ہے۔ اگر آپ یہ سوچ رہیں کہ یہ رنگ گھر میں کہاں کیا جائے تو آپ ونڈو سیٹنگ ایریا، شیلف کے عقبی حصے، کچن کیبنٹس، ایکسٹیریئر کی چھت پر یہ رنگ کروائیں جبکہ باتھ روم کی مرکزی دیوار کے لیے بھی ہنٹر گرین ٹائلز کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
مسٹرڈ اور براؤن
مسٹرڈ رنگ بھی خاصی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ یہ زرد رنگ کی ایک قسم ہے جسے عام طور پر سنہری رنگ کے متبادل کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہ رنگ گھر میں ایک خاص قسم کا فوکل پوائنٹ قائم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس رنگ کی خاصیت ہے کہ یہ دیکھنے والے کے مزاج میں خوشگوار تبدیلی اور اعتماد میں اضافہ کرتا ہے۔
ماہرین مسٹرڈ کلر کو گھر کے بیرونی حصے کو انفرادیت بخشنے کی غرض سے منتخب کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ آؤٹ ڈورلیونگ ایریا یا سن روم کی دیواریں پر مسٹرڈ رنگ کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب ماہرین بیرونی ڈیزائننگ میں بھورے رنگ (براؤن کلر) کے استعمال پر بھی خاص توجہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ رنگ کرنے سے گھر کی بیرونی چھتیں، مرکزی دروازہ یا پھر بیرونی دیواریں ایک اچھا تاثر دیتی ہیں۔
مشروم کلر
ہلکے بھورےاور سرمئی رنگ کے امتزاج سے بنا مشروم کلر گھر کو گرم رکھنے کی تاثیر رکھتا ہے۔ ماہر تعمیرات کا کہنا ہے کہ گھر کی تعمیر یا تزئینِ نو کے دوران اس رنگ کو سنہرے اور سرمئی رنگ کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جائے تو گرمی کاتاثر کم کیا جاسکتا ہے۔
اس رنگ کے استعمال کے لیے لیونگ روم کی مرکزی دیوار یا پھر داخلی حصے والی دیوار کا انتخاب کیا جاسکتا ہے، ان دیواروں پر ہلکے اور گہرے مشروم رنگ کا استعمال آپ کے گھر کے خاص حصوں کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ہلکا گلابی
ہلکا گلابی مائل شیڈ جسے انگریزی کے عرف عام میں ’فرسٹ لائٹ‘ کہا جاتا ہے، اسے بھی مکان کی شان بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انٹیریر ڈیزائنر کے مطابق ہلکا گلابی رنگ گھر کی نئی تعریف ہے، یہ انسانی ذہن میں ایک بڑی تبدیلی ہے، جو مادی چیزوں کے بجائے اپنے اندر کی زندگی کو مطمئن کرنا چاہتا ہے۔ ہلکا گلابی رنگ (فرسٹ لائٹ) کمیونٹی، آسودگی، سلامتی، خود اظہاری اور پُرامیدی کو ظاہر کرتا ہے۔
سنہری مائل پیلا
سنہری مائل پیلا، اُمید اور خوشی کا رنگ ہے۔ اس رنگ کا متناسب استعمال، کمروں میں جان ڈال دیتا ہے، تاہم اگر پورے کمرے کو اس رنگ سے رنگ دیا جائے تو اس کا اُلٹا اثر بھی ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انٹیریر ڈیزائنرز اس رنگ کا متناسب استعمال کرتے ہیں، یعنی وہ اس رنگ کو دیگر رنگوں کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔
نیلے رنگ کی خاص اقسام
دورِ جدید میں نیلے رنگ کی کچھ خاص اقسام کا غلبہ رہتا ہے۔ ان اقسام میں آئس بلو، گرے بلو اور چارکول بلو جیسے خاص رنگ گھر کو خوبصورت دکھانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
چونکہ اسٹڈی روم پرسکون ماحول کا متقاضی ہوتا ہے، لہٰذا ان رنگوں کو اسٹڈی روم کی دلکشی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ ہلکے اور خوبصورت رنگ کسی بھی کمرے کو روشن اور کشادہ دکھانے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔