کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ملائیشیا کی سستی ترین ایئر لائن ایئر ایشیا ایکس کی پہلی پرواز جمعہ کی رات کراچی پہنچی تو مسافروں کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پرواز کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے واٹر سلیوٹ پیش کیا گیا۔ پرواز D-7108سے کوالالمپور سے 298مسافر کراچی پہنچے جبکہ کراچی سے روانہ ہوئی پہلی پرواز D-7109سے 315مسافر کوالالمپور روانہ ہوئے۔ ملائیشیا کے قونصل جنرل کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کیا اور مسافروں کو الوداع کیا۔ ایئر ایشیا ایکس کے پاکستان میں جنرل سیلز ایجنٹ ٹی سی بی کے سی ای او علی خواجہ علی مجید اور ملائیشیا سے پرواز میں پہنچی ایئر لائن کی خاتون عہدیدار نے فضائی عملے کے ہمراہ ڈیپارچر لاونج میں کیک کاٹا۔ علی مجید نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایر ایشیا ایکس ملائیشیا کی بڑی ایئر لائن ہے، جس کا پاکستان سے معاہدہ ملک کی فضائی صنعت کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر ایشیاء نے ابتدائی طور پر کراچی کیلئے 4 پروازیں شروع کی ہیں۔ کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد بھی پروازیں چلائی جائیں گی۔ ایئرپورٹ کے ڈیپارچر ایریا میں بھی تمام بورڈنگ کاؤنٹر کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور مہمانوں کو ویلکم کیا جا رہا تھا۔