• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر کو طلبہ کا زبردست انداز میں خراج تحسین

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے تقریبِ تقسیمِ اسناد میں طلبہ سے یک جہتی کا اظہار کیا، جس پر انہیں طلبہ کی جانب سے کھڑے ہو کر پرتپاک انداز میں تالیاں بجا کر داد دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی میں گزشتہ جمعرات کو تقریبِ تقسیمِ اسناد کا اہتمام کیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں سال جامعہ میں تقریبِ تقسیم اسناد کا اہتمام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی جانب سے جامعہ پر عائد پابندیوں کے ساتھ ہوا، جس کے خلاف صدر ایلن گاربر نے قانونی لڑائی جاری رکھی ہوئی ہے۔

تقریب کا انعقاد ہارورڈ یارڈ کے تاریخی ٹیرسنٹینیری تھیٹر میں کیا گیا، جس میں ممتاز طلبہ، مقررین اور فیکلٹی سربراہان نے جامعہ اور موجودہ سیاسی انتظامیہ کے درمیان تناؤ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

صدر ہارورڈ یونیورسٹی ایلن گاربر نے اپنے خطاب کا آغاز ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جامعہ کے تمام غیر ملکی طلبہ کو نکالنے کی کوششوں کے خلاف ان سے اظہارِ یک جہتی سے کیا۔ ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف جاری قانونی جنگ کے بالواسطہ ذکر پر طلبہ اور دیگر شرکا نے ایک منٹ تک کھڑے ہو کر صدر ایلن گاربر کو گرم جوشی سے سراہا اور تالیاں بجاکر انہیں داد دی۔

اس موقع پر مقرر ڈاکٹر ابراہم ورگیز نے ہارورڈ اور اس کے طلبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جرات کے ساتھ اس یونیورسٹی اور اس قوم کی اقدار کا دفاع کیا ہے، کوئی بھی حالیہ واقعہ آپ کی یا آپ کی اسناد کی اہمیت کو کم نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو بین الاقوامی طلبہ کو داخلہ دینے سے روک دیا تھا، جس کے بعد قانونی لڑائی کا آغاز ہوا اور ہارورڈ یونیورسٹی نے غیرملکی طلبہ پر پابندی سے متعلق ابتدائی عدالتی جنگ جیت لی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید