کابل اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات میں بہتری کی علامت کے طور پر دونوں ہمسایہ ممالک نے ایک دوسرے کے سفارتخانوں کو سفیر کی سطح پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ بیجنگ میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارتکاروں کی ملاقات کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے بیان کہا گیا ہے کہ افغانستان پاکستان کے سفارتی مشن کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق کے اسلام آباد میں افغان ناظم الامور کی حیثیت کو سفیر کے درجے تک بڑھایا جائے گا۔
افغان وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی نمائندگی بڑھانا مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار کرے گا۔
گزشتہ روز پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ کابل میں تعینات پاکستانی ناظم الامور کے عہدے کو بڑھا کر سفیر بنایا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں افغانستان کے دورے کے بعد سے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں۔
یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا جب افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی، پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای کے درمیان بیجنگ میں سہ فریقی اجلاس ہوا۔
مذاکرات کے بعد وانگ ای نے کہا کہ چین افغانستان اور پاکستان کے تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنے کےلیے تیار ہے۔
افغان وزارتِ خارجہ کے ترجمان ضیاء احمد تکال نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ امیر خان متقی آئندہ دنوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ 2021ء میں طالبان نے کابل کا کنٹرول سنبھالا ہے، اس وقت سے صرف چند ممالک نے ہی طالبان حکومت کے سفیروں کو قبول کیا ہے جبکہ کسی بھی ملک نے اب تک طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔