کوئٹہ: بولان میڈیکل کمپلیکس میں 4 ارب 15کروڑ روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے، بے قاعدگیوں کا انکشاف 2017-22 کی اسپیشل آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق وظائف کی مد میں ایک ارب 16 کروڑ روپے کی غیر شفاف ادائیگی کی گئی، لیب ٹیسٹ کے بغیر ایک ارب 93 کروڑ روپے کی ادویات کی خریداری کی گئی۔
38 کروڑ 22 لاکھ روپے کا ریکارڈ آڈٹ ٹیم کو مہیا ہی نہیں کیا گیا، ادویات کی خریداری میں 28 کروڑ 13 لاکھ روپے کے بے قاعدہ اخراجات کیے گئے، اینٹی ربیز ویکسین کی مہنگے داموں خریداری سے ساڑھے 12 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
دستاویزات کے مطابق اسپتال فیس کی مد میں 5 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع نہیں کروائے گئے۔
بولان میڈیکل کمپلیکس کی 5 سالہ خصوصی آڈٹ رپورٹ بلوچستان اسمبلی میں پیش کردی گئی، رپورٹ مزید تحقیقات کے لیے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سپرد کی گئی ہے۔