کراچی(ایجنسیاں)سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہناہے کہ پاکستان مزید قرضوں میں دھنستا جارہا ہے‘ معاشی ترقی کے قابل نہیں رہا، آئندہ 5سالوں میں ہرسال20ارب ڈالرواپس کرناہوں گے‘آئی ایم ایف کی شرائط ماننا اب مجبوری بن چکی ہے۔حکومت کو امیر لوگوں سے ٹیکس لینے میں ڈر لگتا ہے۔اب آئندہ دنوں میں پیٹرولیم لیوی 105روپے ہوجائے گی۔گزشتہ روزایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہناتھاکہ ملک میں ایساکوئی شخص نہیں جوکسی نہ کسی صورت ٹیکس نہ دیتا ہو، 60 فیصد بجٹ صوبوں کو چلاجاتا ہے مگر کارکردگی صفر ہے‘صوبے اپنا ٹیکس جمع نہیں کرتے مرکز پر بوجھ بڑھ رہا ہے‘اربوں کی جائیدادوں والے ٹیکس سے بچ رہے ہیں‘ غریب پس رہے ہیں، غریب عوام کو ہرطرف سے ٹیکس کی مار پڑرہی ہے ‘پاکستان کے 40 فیصد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں‘صوبے بجٹ کا درست استعمال نہیں کرینگے تو نئے صوبے بنانے کی ضرورت پڑیگی ۔