بہاولپور(نمائندہ جنگ) کانگو وائرس نے بہاولپور میں علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،ایک ڈاکٹر میں وائرس کی تصدیق، 4ڈاکٹروں کو آئسولیشن وارڈ میں احتیاطی طورپر منتقل کردیاگیا، تفصیلات کے مطابق بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں لودھراں کی ایک خاتون کانگووائرس سے متاثرہ تھی کاآپریشن کرنے پر ڈاکٹر صغیر وائرس سے متاثر ہوگیا جس کی ٹیسٹ رپورٹ میں بھی کانگووائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ہنگامی طورپر اس آپریشن میں موجود دیگرچار ڈاکٹروں کوفوری طورپر آئسولیشن وارڈ میں شفٹ کردیاگیا۔جن کے ٹیسٹ بھی اس حوالے سے بھیج دئیے گئے ہیں اس صورتحال کے حوالے سے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد خلیق نے بتایاکہ جن چار ڈاکٹروں کو آئسولیشن وارڈ میں شفٹ کیاگیاہے ان کے پلیٹ لیٹس بالکل ٹھیک ہیں صرف احتیاطی طورپر علیحدہ کیاگیاہے اورٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد صورتحال کلیئر ہوجائے گی۔ انہوں نے مزیدبتایاکہ 100سے زائد ڈاکٹروں اورسٹاف کی سکریننگ مکمل کرلی گئی ہے کسی میں کانگووائرس کے شواہد نہیں ملے۔انہوں نے بتایاکہ ایک میڈیکل ٹیم ملتان سے بہاولپورپہنچ چکی ہے جو اس حوالے سے احتیاطی اقدامات اورتدابیر سے آگاہ کررہی جبکہ خود وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایک ٹیم لاہور سے روانہ ہے جوآج وکٹوریہ ہسپتال پہنچ جائے گی۔