• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کے اسرائیل غزہ جنگ میں کردار پر آزادانہ تحقیقات کی ضرورت ہے، عمران حسین

برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران حسین(فائل فوٹو)۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران حسین(فائل فوٹو)۔

بریڈفورڈ سے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن عمران حسین نے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں برطانیہ کے ممکنہ کردار کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے مطالبے کی بھرپور حمایت کی ہے۔ 

انہوں نے اس مطالبے کی حمایت میں پیش کی گئی جیریمی کوربن کے بل کی تائید کی ہے اور وزیراعظم کو بھیجے گئے خط پر دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں۔

اپنے بیان میں عمران حسین نے کہا کہ ہمیں برطانیہ کے اسرائیل غزہ جنگ میں کردار پر آزادانہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ عراق جنگ کے بعد بھی ایسی ہی انکوائری کی گئی تھی، جس میں حکومت کی سنگین کوتاہیاں سامنے آئیں۔ اسی طرز پر اب ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ برطانوی حکومت نے کیا فیصلے کیے، کیسے کیے اور ان کے کیا اثرات ہوئے؟

عمران حسین نے غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جو اب 61,000 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) نے اسرائیلی حکام کے خلاف جنگی جرائم کے وارنٹ جاری کیے ہیں اور برطانیہ کو بھی اپنا دامن صاف رکھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ممکنہ طور پر ایسے فیصلے کیے ہیں جو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں شمار ہو سکتے ہیں اور جب تک ایک مکمل، آزاد اور قانونی اختیارات کی حامل انکوائری نہیں ہوتی، سوالات ختم نہیں ہوں گے۔

جیریمی کوربن، ڈیان ایبٹ، زارا سلطانہ، نادیہ وہیٹوم، جان فنیوکین، برینڈن او ہارا سمیت دیگر کئی ارکان پارلیمنٹ اور لارڈز نے بھی اس انکوائری کی حمایت کی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید