ڈیلس(رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ) سینئر کشمیری رہنما اور قائم مقام چیئرمین جے کے ایل یف راجہ مظفر نے بھارت اور پاکستان کے امریکہ میں موجود وفود سے خطے کے دیرپا امن کے لیے پرامن حل کی اپیل کی ہے۔ بھارتی وفد کے سربراہ ششی تھرور اور پاکستانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کے نام ایک پُرجوش اپیل میں راجہ مظفر نے دونوں ممالک کی قیادت پر زور دیا کہ وہ حوصلے اور دوراندیشی کے ساتھ آگے بڑھیں، کیونکہ اس وقت کی گئی جرات مندانہ قیادت مستقبل کا رخ بدل سکتی ہے۔کشمیر کو برادرانہ تعلقات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے راجہ مظفر نے کہا کہ کشمیر میں پائیدار امن ہی وہ کنجی ہے ،جو حل کی کھڑکی کھول سکتی ہے۔انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا حل بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے حل سے دیگر تنازعات کا راستہ بھی ہموار ہو سکتا ہے۔