صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ماحولیات کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماحولیات کا عالمی دن ہمیں کرۂ ارض کی حفاظت کی یاد دہانی کرواتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ دن آئندہ نسلوں کے پائیدار مستقبل کی جانب ذمہ داری کی بھی یاد دہانی کرواتا ہے، پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، یہاں تباہ کن سیلابوں، خشک سالی اور گرمی کی لہروں سے لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ عالمی کاربن کے اخراج میں ہمارا حصّہ 1 فیصد سے بھی کم ہے، محدود وسائل کے باوجود پاکستان ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ روزمرہ زندگی میں ایسے اقدامات کرنے کا عہد کریں جن سے ماحول پر مثبت اثر پڑے، ہمیں پلاسٹک کا استعمال کم کرنے اور ری سائیکلنگ کرنے کی پالیسیاں اپنانا ہوں گی، ہمیں جنگلات کےفروغ اور ماحولیاتی تحفظ کی پالیسیوں کو بھی اپنانا ہوگا۔
آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ شہری اور ادارے ایک صاف اور سرسبز پاکستان کے لیے متحد ہو جائیں، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے ذمے دارانہ استعمال کے لیے مل کر کام کریں۔