کوئٹہ (نمائندہ جنگ) ضلع تربت سے پنجاب کے علاقے ساہیوال سے تعلق رکھنے والے دو افراد کی لاشیں برآمدکر لی گئیں ،گولیاں مارکرہلاک کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیویز کو جمعہ کو تربت شہر سے دوران گشت دو لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کرہلاک کیا گیا ہے دونوں کا تعلق پنجاب کے علاقے ساہیوال سے ہے ان کی شناخت محمد لطیف اور محمد نوید کے نام سے ہوئی ہے لیویز نے دونوں لاشیں ضلع تربت کے سول ہسپتال پہنچا دی ہیں ، مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دراین اثنا ٔ فرنٹیئر کور اور حساس اداروں نے کوئٹہ سے چار مشتبہ افراد جبکہ ژوب سے کالعدم تنظیم کے سہولت کار کوگرفتارکرکے تفتیش شروع کردی ۔ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئرکوربلوچستان نے کوئٹہ کے علاقے انگوری باغ میں کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ افراد کوحراست میں لیکرتفتیش شروع کردی جبکہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں ایف سی اورحساس اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے سہولت کار کوگرفتارکرلیا ۔