برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کو "خوفناک، بے نتیجہ اور ناقابل برداشت" قرار دے دیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں خوراک تقسیم کرنے والے مراکز پر حملوں میں درجنوں فلسطینی شہری شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
سر کیئر اسٹارمر نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کے خلاف ہیں۔
برطانیہ اسرائیلی حکام پر پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہا ہے، لیکن ابھی تک اسلحہ کی فروخت پر مکمل پابندی یا فلسطین کو فوری طور پر تسلیم کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔
ریڈ کراس کی صدر مرجانا اسپولجارک نے کہا ہے کہ "غزہ کا حال زمین پر جہنم سے بھی بدتر ہے" اور فلسطینیوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے خوراک کے مراکز پر حملوں کے بعد بین الاقوامی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ برطانوی امدادی تنظیمیں فوری انسانی امداد اور سیاسی اقدامات کا مطالبہ کر رہی ہیں، لندن میں پارلیمنٹ کے باہر اسرائیل کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے، تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے، اور غزہ میں امداد کی مقدار اور رفتار بڑھانی ہوگی۔ یہ صورتحال واقعی خوفناک اور ناقابل برداشت ہے۔