مصنّف: حسن منظر
صفحات: 175، قیمت: 999 روپے
ناشر: بُک کارنر جہلم۔
فون نمبر: 4440882 - 0314
ڈاکٹر حسن منظر کے چھے ناولز، سات افسانوی مجموعے اور بچّوں کے لیے کہانیوں کی تین کتب شایع ہو چُکی ہیں۔ نیز، اُنھوں نے کچھ تراجم بھی کیے ہیں۔ دورِ طالبِ علمی ہی میں سعادت حسن منٹو، احمد ندیم قاسمی اور میرزا ادیب سے اپنے افسانوں پر داد سمیٹ چُکے تھے، تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ بعد میں قلم نے کیا کیا جوہر دِکھائے ہوں گے۔
اُن کی تخلیقات نے کئی معتبر ایوارڈز جیتے، تو حکومتِ پاکستان نے 2022ء میں’’ستارۂ امتیاز‘‘ سے بھی نوازا۔ اُن کا عرب معاشرت، بالخصوص تیل کی دریافت کے بعد پیدا شدہ تبدیلیوں کے پس منظر میں تحریر کردہ ناول ’’العاصفہ‘‘ پہلی بار 2006ء میں شایع ہوا۔ 2014ء میں اس کا دوسرا اور 2024ء میں تیسرا ایڈیشن منظرِ عام پر آیا۔ اِس ناول سے متعلق ڈاکٹر اسلم فرّخی نے لکھا تھا کہ’’ڈاکٹر حسن منظر کا ناول’’ العاصفہ‘‘ پڑھا اور مبہوت ہوگیا۔
کتنے بے خبر ہیں ہم لوگ، خلیجی ممالک میں بہنے والی دولت کی گنگا تو دیکھتے ہیں، لیکن جہل، کرب، بے چارگی اور بدنفسی کے اُس معاشرے سے قطعاً ناآشنا ہیں، جس نے انسان سے اُس کی انسانیت چھین لی ہے۔‘‘ گزشتہ دنوں خلیجی ممالک میں تارکینِ وطن کی حالتِ زار سے متعلق ایک فلم کا خاصا چرچا رہا، اگر اِس ناول کو بھی اُس کے ساتھ پڑھ لیا جائے، تو حالات کے تجزئیے میں کافی مدد مل سکتی ہے۔