• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماں بننے کا تجربہ انسانی حیات کے اُن چند بنیادی مظاہر میں سے ہے، جس نے نہ صرف حیاتیاتی بقا کو ممکن بنایا، بلکہ تہذیبی ارتقا، اخلاقی اقدار اور سماجی ڈھانچے کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، یہی وجہ ہے کہ دنیا کی تقریباً ہر تہذیب میں مادریت کو تقدیس، احترام اور مرکزیت حاصل رہی ہے، تاہم اکیسویں صدی میں سائنسی ترقّی نے اِس فطری اور صدیوں پر محیط عمل کو ایک نئے امتحان سے دوچار کر دیا ہے، جہاں تولیدی ٹیکنالوجی نہ صرف اِس عمل میں سہولت فراہم کر رہی ہے، بلکہ اس کی بنیادی ساخت بھی تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مصنوعی تولید، جینیاتی انجینئرنگ اور مصنوعی رحم جیسے تصوّرات نے اِس بحث کو جنم دیا ہے کہ انسانی مداخلت، فطرت کی حدود کو کس حد تک تبدیل کر سکتی ہے اور کیا یہ تبدیلی انسانی اقدار سے ہم آہنگ ہے یا نہیں؟ مادریت کو محض حیاتیاتی عمل کے طور پر دیکھنا ایک محدود نقطۂ نظر ہے، کیوں کہ ماں بننے سے وابستہ جذبات، نفسیاتی تعلقات اور سماجی ذمّے داریاں اِس تجربے کو ایک ہمہ جہتی حقیقت بناتے ہیں۔

یونیسکو بائیو ایتھکس رپورٹ 2015ء کے مطابق، انسانی تولید میں ہونے والی جدید مداخلتیں صرف جسمانی عمل کو متاثر نہیں کرتیں، انسانی شناخت، رشتوں کی نوعیت اور معاشرتی توازن پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔ اِسی تناظر میں چین کی جانب سے متعارف کردہ تولیدی روبوٹ ایک نہایت اہم پیش رفت ہے، جو مصنوعی رحم کے تصوّر کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش ہے اور اس کے ذریعے یہ امکان پیدا ہو گیا ہے کہ مستقبل میں انسانی جنین کی مکمل نشوونما ماں کے جسم سے باہر ممکن ہو سکے گی۔

یہ صُورتِ حال کئی بنیادی سوالات کو بھی جنم دیتی ہے، مثلاً اگر ماں کا جسم تولیدی عمل میں شامل نہ رہے، تو مادریت کی تعریف کیا ہوگی اور کیا اِس تبدیلی کے نتیجے میں خاندانی نظام کی ساخت بھی متاثر ہوگی؟ آکسفورڈ یونی ورسٹی پریس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق مصنوعی رحم نہ صرف ’’حیاتیاتی ماں‘‘ کا کردار محدود کر سکتا ہے، بلکہ’’سماجی ماں‘‘ کے تصوّر کو بھی ازسرِنو متعیّن کر سکتا ہے، اس کے علاوہ یہ ٹیکنالوجی صنفی مساوات کے مباحث میں بھی ایک نئی جہت پیدا کر سکتی ہے، کیوں کہ اس کے ذریعے عورت پر عائد حیاتیاتی ذمّے داریوں میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔

چین کی سائنسی پالیسیز کا جائزہ لیا جائے، تو واضح ہوتا ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنانے اور اسے عملی شکل دینے میں دنیا کے دیگر ممالک سے کہیں آگے ہے۔ چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کی رپورٹس کے مطابق، مصنوعی ذہانت اور بائیو انجینئرنگ کے امتزاج سے ایک ایسا نظام تیار کیا جا رہا ہے، جو انسانی جنین کی نشوونما کو مکمل طور پر کنٹرول کر سکے۔

یہ پیش رفت نہ صرف سائنسی میدان میں ایک سنگِ میل ہے، بلکہ اس کے اثرات معاشرتی، اخلاقی اور قانونی سطح پر بھی محسوس کیے جائیں گے۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ ہم مادریت اور جدید ٹیکنالوجی کے اِس امتزاج کو ایک جامع زاویے سے دیکھیں تاکہ نہ صرف اس کے فوائد سمجھ سکیں بلکہ اس کے ممکنہ خطرات کا بھی ادراک ہو، کیوں کہ کسی بھی سائنسی پیش رفت کا حقیقی فائدہ اُسی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے، جب اُسے انسانی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ رکھا جائے۔

ماں بننے کا فطری و حیاتیاتی نظام

انسانی تولید ایک نہایت پیچیدہ اور مربوط حیاتیاتی عمل ہے، جس میں عورت کے جسم کے مختلف نظام ایک خاص ترتیب کے تحت کام کرتے ہیں۔ اِس عمل کا آغاز بیضہ دانی سے خارج ہونے والے انڈے اور مردانہ جرثومے کے ملاپ سے ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں زائیگوٹ تشکیل پاتا ہے، یہ زائیگوٹ مسلسل خلیاتی تقسیم کے مراحل سے گزرتا ہوا رحم میں جا کر چپک جاتا ہے، جہاں وہ نو ماہ کے عرصے میں ایک مکمل بچّے کی صُورت اختیار کرتا ہے۔

جرنل آف ہیومن ری پروڈکٹو سائنس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، یہ عمل نہایت حسّاس ہے اور اس میں معمولی سی ہارمونل تبدیلی بھی نتائج کو متاثر کر سکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ قدرت نے اِس نظام کو انتہائی توازن کے ساتھ ترتیب دیا ہے۔

حمل کے دوران ماں کے جسم میں ہونے والی ہارمونل تبدیلیاں نہ صرف جنین کی نشوونما ممکن بناتی ہیں، بلکہ ماں کے رویّے اور جذبات بھی متاثر کرتی ہیں۔ ACOG کی رپورٹ کے مطابق، ایسٹروجن اور پروجیسٹرون جیسے ہارمونز ماں کے جسم کو اِس قابل بناتے ہیں کہ وہ جنین کو محفوظ ماحول فراہم کر سکے۔ اس کے علاوہ، یہ ہارمونز ماں کے جذباتی رویّوں میں بھی تبدیلی پیدا کرتے ہیں، جو بچّے کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ تحقیقی شواہد سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ماں اور بچّے کے درمیان تعلق دورانِ حمل ہی قائم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

ہارورڈ یونی ورسٹی سینٹر آن دی ڈیویلپنگ چائلڈ کی تحقیق کے مطابق، جنین ماں کی آواز، دل کی دھڑکن اور جذباتی کیفیت سے متاثر ہوتا ہے، اور یہ اثرات اُس کی اعصابی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اِسی لیے ماہرین دورانِ حمل ماں کی ذہنی صحت کو نہایت اہم قرار دیتے ہیں، کیوں کہ ذہنی دباؤ یا اضطراب جنین کی نشوونما پر منفی اثرات مرتّب کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماں بننے کے عمل کو محض ایک حیاتیاتی مرحلہ نہیں، بلکہ ایک نفسیاتی اور سماجی تجربہ بھی سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ اِس دوران عورت کی زندگی میں ایک بنیادی تبدیلی واقع ہوتی ہے۔

اس کی ترجیحات، طرزِ زندگی اور سماجی کردار سب کچھ بدل جاتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق، ماں بننے کے بعد عورت کی شناخت میں ایک نئی جہت شامل ہو جاتی ہے، جو اُس کے سماجی کردار کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ اگر اِس فطری عمل کا تقابل مصنوعی رحم سے کیا جائے، تو واضح ہوتا ہے کہ قدرتی نظام میں صرف جسمانی نشوونما ہی نہیں، جذباتی اور نفسیاتی تعلق بھی شامل ہوتا ہے، جو کسی بھی مصنوعی نظام میں مکمل طور پر منتقل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ یہی وہ نکتہ ہے، جس پر زیادہ تر ماہرین زور دیتے ہیں کہ ٹیکنالوجی اگرچہ جسمانی پہلو کو تو بہتر بنا سکتی ہے، مگر انسانی تعلقات کی گہرائی کو مکمل طور پر تبدیل نہیں کر سکتی۔

تولیدی ٹیکنالوجی کا تاریخی ارتقا

تولیدی ٹیکنالوجی کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے، تو معلوم ہوگا کہ اِس میدان میں ترقّی بتدریج اور مسلسل ہو رہی ہے۔ بیس ویں صدی کے وسط میں جب پہلی بار ان وٹرو فرٹیلائزیشن کا تصوّر پیش کیا گیا، تو اِسے ایک غیر فطری اور متنازع طریقہ سمجھا گیا، تاہم، 1978ء میں دنیا کے پہلے’’ٹیسٹ ٹیوب بے بی‘‘ کی پیدائش کے بعد اس ٹیکنالوجی کو عالمی سطح پر قبولیت حاصل ہونا شروع ہو گئی۔ نیچر میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، آج دنیا بَھر میں لاکھوں بچے IVF کے ذریعے پیدا ہو چُکے ہیں، جو اِس ٹیکنالوجی کی کام یابی کا واضح ثبوت ہے۔

سروگیسی بھی تولیدی ٹیکنالوجی کا ایک اہم پہلو ہے، جس میں ایک عورت کسی دوسرے جوڑے کے لیے بچّے کو جنم دیتی ہے۔ جرنل آف میڈیکل ایتھکس کے مطابق، یہ طریقہ خاص طور پر اُن خواتین کے لیے مفید ہے، جو طبّی وجوہ کی بنا پر حمل کی متحمّل نہیں ہوتیں، تاہم اس کے ساتھ کئی قانونی اور اخلاقی مسائل بھی وابستہ ہیں، جیسے کہ بچّے کی ملکیت، ماں کی تعریف اور معاشرتی قبولیت کے مسائل۔

یہی وجہ ہے کہ مختلف ممالک میں اس سے متعلقہ قوانین مختلف ہیں۔ حالیہ برسوں میں جینیاتی اسکریننگ اور CRISPR ٹیکنالوجی نے بھی تولیدی عمل کو متاثر کیا ہے، جس کے ذریعے جنین میں موجود جینیاتی بیماریوں کی پیشگی تشخیص ممکن ہو گئی ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق، یہ ٹیکنالوجی کئی موروثی بیماریوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، تاہم، اس کے ساتھ’’designer babies‘‘ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے، جس میں مخصوص خصوصیات کے حامل بچّوں کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔

چین نے ان تمام ٹیکنالوجیز کو مزید ترقّی دیتے ہوئے مصنوعی رحم کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، چینی سائنس دانوں نے ایک ایسا اے آئی نظام تیار کیا ہے، جو جنین کی نشوونما کو خودکار طریقے سے مانیٹر کر سکتا ہے۔

یہ نظام نہ صرف جنین کی صحت کا تجزیہ کرتا ہے، بلکہ اس کی نشوونما کے مراحل بھی کنٹرول کر سکتا ہے، جو کہ ایک بڑی سائنسی کام یابی تصوّر کی جا رہی ہے۔ یہ تمام پیش رفت اِس امر کی نشان دہی کرتی ہے کہ انسانی تولید کا مستقبل روایتی طریقوں سے ہٹ کر ایک نئے دَور میں داخل ہو رہا ہے، جہاں سائنس نہ صرف فطری حدود کو چیلنج کر رہی ہے، بلکہ انہیں ازسرِنو تشکیل بھی دے رہی ہے۔ تاہم، اس کے ساتھ یہ سوال بھی اہم ہے کہ آیا یہ تبدیلی انسانی معاشرے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی یا نہیں؟

چین کا تولیدی روبوٹ

چین کی جانب سے متعارف کردہ تولیدی روبوٹ دراصل ایک مصنوعی رحم کا جدید ترین نمونہ ہے، جس میں بائیو انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت اور خودکار نگرانی کا نظام یک جا کر دیا گیا ہے۔ چائنا اکیڈمی آف سائنسز کی تحقیق کے مطابق، یہ نظام ایک بند اور کنٹرولڈ ماحول فراہم کرتا ہے، جہاں جنین کو درکار غذائی اجزاء، آکسیجن اور درجۂ حرارت کو مسلسل متوازن رکھا جاتا ہے۔

اِس نظام میں نصب سینسرز جنین کی نشوونما کے ہر مرحلے کو مانیٹر کرتے ہیں اور مصنوعی ذہانت اِن اعداد و شمار کی بنیاد پر فوری فیصلے کرتی ہے۔ اِس طرح یہ نظام انسانی نگرانی کے بغیر بھی مؤثر طریقے سے کام کر سکتا ہے۔ ابتدائی تجربات میں اس ٹیکنالوجی کو حیوانی جنین پر آزمایا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے، تاہم، انسانی سطح پر اس کے اطلاق کے لیے مزید تحقیق اور تجربات درکار ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر بھی مصنوعی رحم کے تجربات جاری ہیں۔

2017ء میں چلڈرن ہاسپٹل آف فلاڈیلفیا کی ’’Biobag‘‘ تحقیق نے قبل از وقت پیدا ہونے والے میمنے کو کام یابی سے مصنوعی ماحول میں نشوونما دے کر اِس میدان میں ایک اہم پیش رفت کی، اس تحقیق کے نتائج نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئے، جس سے یہ ثابت ہوا کہ مصنوعی رحم نہ صرف ممکن ہے، بلکہ عملی طور پر کارآمد بھی ہو سکتا ہے۔

چین کی تحقیق اِسی عالمی رجحان کا تسلسل ہے، مگر اس کی خصوصیت یہ ہے کہ اِس میں مکمل طور پر مصنوعی ذہانت شامل کی گئی ہے، جو اِسے دیگر نظاموں سے زیادہ خودکار اور مؤثر بناتی ہے۔ اِس طرح یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں نہ صرف طبّی میدان، بلکہ انسانی تولید کے بنیادی تصوّرات میں بھی تبدیلی لا سکتی ہے۔

سماجی و اخلاقی مضرّات

تولیدی روبوٹ کے ضمن میں سب سے زیادہ حسّاس بحث اِس کے سماجی اور اخلاقی اثرات سے متعلق ہے۔ ہارورڈ میڈیکل اسکول اور آکسفورڈ یونی ورسٹی کی مشترکہ تحقیق کے مطابق اگر انسانی تولید کو مکمل طور پر مصنوعی نظام کے حوالے کر دیا جائے، تو اس سے خاندانی نظام کی بنیادیں متاثر ہو سکتی ہیں، کیوں کہ ماں اور بچّے کے درمیان جو فطری تعلق حمل کے دوران قائم ہوتا ہے، وہ اِس نظام میں موجود نہیں ہوگا۔

اس کے علاوہ، یہ سوال بھی اہم ہے کہ ایسے بچّوں کی سماجی شناخت کیا ہوگی اور ان کے والدین کی تعریف کس بنیاد پر کی جائے گی۔ یونیسکو کی بایو ایتھکس رپورٹ اِس امر پر زور دیتی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں انسانی وقار اور مساوات کو بنیادی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔

اگر یہ ٹیکنالوجی صرف مخصوص طبقے تک محدود رہی، تو یہ معاشرتی عدم مساوات کو مزید بڑھا سکتی ہے، مزید یہ کہ’’designer babies‘‘ کا تصوّر بھی ایک سنگین اخلاقی مسئلہ ہے، جس میں بچّے کی خصوصیات کو مصنوعی طور پر منتخب کیا جا سکتا ہے، اِس طرح انسانی فطرت میں غیر ضروری مداخلت کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، اِسی لیے ماہرین اِس امر پر متفّق ہیں کہ اِس ٹیکنالوجی کے لیے عالمی سطح پر اخلاقی اصول وضع کیے جانے چاہئیں۔

نفسیاتی و جذباتی اثرات

ماہرِ نفسیات اِس امر کی نشان دہی کرتے ہیں کہ ماں اور بچّے کے درمیان تعلق، انسانی شخصیت کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ APA کی رپورٹ کے مطابق، اِس نوعیت کے ابتدائی تعلقات بچّے کے جذباتی استحکام، اعتماد اور سماجی رویّوں پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں اور اگر یہ تعلق حمل کے دوران قائم نہ ہو، تو اس کے اثرات طویل المدّتی ہو سکتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ماہرین، مصنوعی رحم کے استعمال پر محتاط رویّہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ برطانیہ کی’’ Nuffield Council on Bioethics ‘‘کے مطابق مصنوعی رحم کے ذریعے پیدا ہونے والے بچّوں کی شناخت کا مسئلہ بھی اہم ہے، کیوں کہ وہ روایتی خاندانی تجربے سے مختلف ماحول میں پروان چڑھیں گے۔ اِس کے علاوہ، والدین اور بچّے کے درمیان تعلق کی نوعیت بھی تبدیل ہو سکتی ہے، جس کے سماجی اثرات مرتّب ہوسکتے ہیں۔

مصنوعی رحم اور تولیدی روبوٹ کی ٹیکنالوجی اگرچہ ابتدائی سطح پر کام یاب تجربات پیش کر چُکی ہے، تاہم اس کے وسیع پیمانے پر انسانی اطلاق کے لیے ابھی کئی سائنسی اور تیکنیکی رکاوٹیں موجود ہیں۔ سب سے بڑا چیلنج تو جنین کی مکمل اور محفوظ نشوونما کو یقینی بنانا ہے کہ انسانی رحم ایک نہایت پیچیدہ حیاتیاتی نظام ہے، جس میں نہ صرف غذائی ترسیل بلکہ ہارمونل توازن، مدافعتی ردّ ِعمل اور خلیاتی ابلاغ جیسے عوامل شامل ہوتے ہیں۔

’’Nature Reviews Molecular Cell Biology ‘‘میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اِن تمام عوامل کو مصنوعی طور پر مکمل طور پر نقل کرنا ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا، اِس کے علاوہ طویل المدّتی اثرات، جیسے کہ جینیاتی استحکام، اعصابی نشوونما اور میٹابولک صحت بھی تحقیق طلب ہیں، کیوں کہ مصنوعی ماحول میں پروان چڑھنے والے جنین پر اِن عوامل کے اثرات مکمل طور پر واضح نہیں ہیں۔

ایک اور اہم سائنسی چیلنج ’’epigenetics‘‘ کا ہے، ایپی جینیٹکس کے تناظر میں یہ سوال خاص اہمیت اختیار کر جاتا ہے کہ آیا مصنوعی رحم واقعی اِس پیچیدہ ماحول کی مکمل نمائندگی کر سکتا ہے، جس میں ایک جنین فطری طور پر پرورش پاتا ہے۔ سائنسی تحقیق اب اِس امر کو واضح کر چُکی ہے کہ رحم کے اندر موجود کیمیائی، ہارمونل اور حیاتیاتی عوامل محض نشوونما کے معاون نہیں، بلکہ جینز کے اظہار کو بھی متاثر کرتے ہیں، جس کے اثرات بعض اوقات پیدائش کے بعد بھی ظاہر ہوتے ہیں۔

ایسے میں اگر مصنوعی نظام اِس باریک توازن کو پوری طرح برقرار نہ رکھ سکے، تو اس کے نتائج فوری نہیں، بلکہ دیرپا اور بعض صُورتوں میں غیر متوقع بھی ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مصنوعی ذہانت کے بڑھتے کردار کا ایک اور پہلو یہ بھی ہے کہ جب فیصلہ سازی مشین کے سُپرد کی جاتی ہے، تو اس میں ممکنہ غلطی نظر انداز نہیں کی جا سکتی۔ یہی وجہ ہے کہ سنجیدہ علمی حلقوں میں یہ رائے تقویت پکڑ رہی ہے کہ اِس ٹیکنالوجی کو مکمل خودکار بنانے کی بجائے انسانی نگرانی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔

تولیدی روبوٹ اور مصنوعی رحم کی ٹیکنالوجی انسانی تاریخ کے ایک ایسے موڑ کی نمائندگی کرتی ہے، جہاں فطری عمل اور مصنوعی مداخلت کے درمیان حدِ فاصل بتدریج کم ہوتی جا رہی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی بلاشبہ طبّی میدان میں ایک اہم پیش رفت ہے، خاص طور پر قبل از وقت پیدا ہونے والے بچّوں کی نگہہ داشت اور بانجھ پن جیسے مسائل کے حل کے ضمن میں نہایت اہم ہے۔’’ The Lancet Global Health ‘‘کی رپورٹس اِس امر کی نشان دہی کرتی ہیں کہ اگر اِس ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے، تو نوزائیدہ بچّوں کی اموات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

تاہم، اس کے ساتھ اِس کے طویل المدّتی سماجی، نفسیاتی اور حیاتیاتی اثرات کو نظرانداز کرنا بھی ایک سنگین علمی کوتاہی ہوگی۔ تحقیقی شواہد اِس امر کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ اگرچہ مصنوعی رحم جسمانی نشوونما کے بہت سے پہلوؤں کو مؤثر طریقے سے سنبھال سکتا ہے، مگر انسانی تعلقات، جذباتی وابستگی اور ابتدائی نفسیاتی تشکیل جیسے عناصر کو مکمل طور پر تبدیل کرنا ابھی ممکن نہیں۔

اِسی لیے ماہرین اِس امر پر زور دیتے ہیں کہ اِس ٹیکنالوجی کو مکمل متبادل کے طور پر نہیں، بلکہ ایک معاون نظام کے طور پر دیکھا جائے۔ مزید برآں، اِس کے استعمال کے لیے ایک عالمی سائنسی اور اخلاقی فریم ورک کی ضرورت ہے، جس میں تحقیق، ضابطہ سازی اور شفافیت کو بنیادی حیثیت حاصل ہو، کیوں کہ بغیر واضح اصولوں کے اِس ٹیکنالوجی کا استعمال غیر متوازن اور ممکنہ طور پر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

تولیدی روبوٹ نہ تو مکمل طور پر خطرہ ہے اور نہ ہی مکمل حل، بلکہ یہ ایک ایسا سائنسی آلہ ہے، جس کا اثر اس کے استعمال کے طریقۂ کار پر منحصر ہے۔ اگر اسے ذمّے داری، تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کے ساتھ استعمال کیا جائے، تو یہ انسانی فلاح میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے، بصورتِ دیگر، یہ پیچیدہ سماجی اور حیاتیاتی مسائل جنم دے سکتا ہے۔ لہٰذا، مستقبل کا تقاضا یہی ہے کہ اِس میدان میں تحقیق کو مزید گہرائی، احتیاط اور جامع حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے مزید
سنڈے میگزین سے مزید
ٹیکنالوجی سے مزید