پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بجٹ میں غریبوں کا خون چوس کر اشرافیہ کو پلایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت جو مسلط کی اس نے ریکارڈ توڑ دیے۔
شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زراعت منفی ہوئی اور فصلیں تباہ ہو گئیں، فصلوں کے معاملے پر ماحولیات کو موردِ الزام ٹھہراتے ہیں، کاشت کاروں کو کھربوں کا نقصان ہوا اور انڈسٹری میں منفی گروتھ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی قوتِ خرید متاثر اور روپے سے بہتر افغان کرنسی ہو گئی، خطے کے ممالک میں ہم ہیں جو زوال پزیر ہیں، یہ افراد وہ ہیں جو فارم 47 پر پارلیمان میں ہیں، انہیں عوام نے نہیں بھیجا۔
شبلی فراز نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر 30 فیصد لوگ قربانی تک نہیں کر سکے، پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، پانچ پانچ ہزار ڈالرز کے سوٹ پہننے والے ہمارا مذاق اڑاتے ہیں، مراعات یافتہ طبقے کو 5 کھرب روپے کی ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے۔
اس موقع پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو کوئی رعایت نہیں دی گئی، بینکوں میں پیسوں پر 20 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے، پیٹرولیم لیوی اور کاربن لیوی کو بڑھا دیا گیا ہے۔