وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بجٹ میں دفاع کیلئے 2550 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی دفاع حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے۔ اس قومی فرض کے لیے 2,550 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سول انتظامیہ کے اخراجات کے لیے 971 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے مقابل ہماری سیاسی قیادت، افواج پاکستان اور پاکستان کے غیور عوام نے جس جواں مردی، دانشمندی اور یکجہتی کا ثبوت دیا، وہ تاریخ کے سنہری اوراق میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ایک شاندار عسکری کامیابی کے علاوہ پوری قوم کے اجتماعی شعور، قومی وقار اور غیرت کا مظہر تھی۔ میں یہاں پر پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، شجاعت اور جذبہ قربانی سے دشمن کو مؤثر اور بھر پور جواب دیا، جس سے نہ صرف ہماری سرحدوں کا دفاع ناقابل تسخیر بنا بلکہ عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بھی بلند ہوا۔ اس عظیم کامیابی نے یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم ہر آزمائش میں متحد ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے۔