• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر یونس اور برطانیہ میں پاکستان کیلئے تجارتی ایلچی ایم پی محمد یاسین کی ملاقات

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

نوبل انعام یافتہ بنگلا دیشی چیف ایڈوائزر ڈاکٹر یونس اور برطانیہ کے پاکستان کے لیے تجارتی ایلچی ایم پی محمد یاسین کی ملاقات ہوئی۔

دورانِ ملاقات برطانیہ میں بنگلا دیشی کمیونٹی کے مسائل اور آئندہ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانیہ کے بیڈفورڈ حلقے سے لیبر پارٹی کے کشمیری اوریجن رکن پارلیمنٹ (ایم پی) محمد یاسین نے برطانیہ میں مقیم بنگلادیشی کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل پر توجہ دلائی۔ 

دونوں شخصیات نے بنگلادیش کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بنگلادیش میں ہونے والے آئندہ انتخابات پر بھی بات چیت کی۔

بنگلادیشی ماہر معاشیات ڈاکٹر یونس نے اس موقع پر اصلاحات، سیاسی استحکام اور ملک میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ 

واضح رہے کہ بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کی برطانیہ آمد، دوطرفہ تعلقات کے فروغ کےلیے اہم دورہ خیال کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر محمد یونس اور ان کا وفد منگل کو صبح تقریباً 7:05 بجے 4 روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ کے دارالحکومت لندن پہنچا تھا۔

اس دورے کا مقصد برطانیہ اور بنگلادیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر بنگلادیش کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے قائم مقام سیکریٹری روح الاسلام صدیقی نے 4 جون کو منعقدہ بریفنگ میں بتایا تھا کہ دورے کے دوران چیف ایڈوائزر کو شاہ چارلس سوم سے خصوصی ملاقات کا موقع ملے گا جبکہ وہ برطانوی وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات بھی کریں گے۔

مزید برآں برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لامی سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط کو وسعت دینے کا اہم پہلو ہوگا۔ 

اس دورے کے دوران ڈاکٹر یونس کو ان کی عالمی خدمات کے اعتراف میں "کنگ چارلس سوم ہارمونی ایوارڈ 2025" سے نوازا جائے گا۔ یہ ایوارڈ ماحول، پائیدار ترقی اور امن کے فروغ کے لیے ان کی زندگی بھر کی خدمات کا اعتراف ہے۔ 

ایوارڈ دینے کی باقاعدہ تقریب جمعرات کو سینٹ جیمز پیلس، لندن میں منعقد ہوگی۔ یہ ایوارڈ کنگز فاؤنڈیشن کی جانب سے دیا جاتا ہے، جو 1990 میں اُس وقت کے پرنس آف ویلز (موجودہ شاہ چارلس سوم) نے قائم کی تھی۔ 

ہر سال یہ اعزاز ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے انسانی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔ 

دورے کے دوران ڈاکٹر یونس دولتِ مشترکہ (کامن ویلتھ) اور بین الاقوامی بحری تنظیم (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرلز سے بھی ملاقاتیں کریں گے اس تناظر میں برطانیہ کے پاکستان کے لیے تجارتی ایلچی ایم پی محمد یاسین کی ڈاکٹر یونس کے ساتھ ون ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید