ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دباؤ کے آگے نہیں جھکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہرگز قبول نہیں کہ اپنا پُرامن ایٹمی پروگرام بند کر کے صنعت، طب، زراعت اور دیگر علوم میں درکار جوہری مواد کے لیے مغرب کی منظوری کا انتظار کریں۔
انہوں نے کہا کہ مغرب ایرانی جوہری پروگرام رول بیک کرنے کا مطالبہ کرنے کا حق نہیں رکھتا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے کہا ہے کہ جوہری معاہدہ نہ ہونے پر امریکا نے حملہ کیا تو بغیر ہچکچائے خطے میں موجود تمام امریکی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کے نقصانات ہمارے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوں گے، امید ہے نوبت یہاں تک نہیں پہنچے گی اور مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا ایران جوہری مذاکرات کا چھٹا دور اتوار کو مسقط میں متوقع ہے۔