اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد متعدد ممالک نے ایران اور اسرائیل کےلیے پروازیں منسوخ کردیں۔ ایران، عراق، اردن اور شام نے اپنی فضائی حدود بند بھی بند کردیں۔
ایرانی خبرایجنسی کے مطابق ایران نے تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دیں، ایرانی حجاج کی واپسی کی پروازیں تاحکم ثانی منسوخ رہیں گی۔
خبر ایجنسی کے مطابق قطری ایئرلائن نے عراق اور ایران کےلیے پروازیں منسوخ کردیں، روسی ایئرلائن نے ماسکو سے تہران کے درمیان پروازیں منسوخ کردیں۔
جرمنی کی ایئرلائن نے بھی ایران کے لیے پروازیں معطل کردیں، یونان کی ایئر لائن نے تل ابیب کےلیے تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔
اماراتی ایئر لائنز نے عراق، اردن، لبنان اور ایران کےلیے پروازیں منسوخ کردیں، عمان، بیروت، دمشق اور اسرائیل کےلیے پروازیں بھی معطل ہیں، ابوظبی اور تل ابیب کے درمیان پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہونے لگیں۔
اسرائیل کے ایران پر فضائی حملوں کے بعد ایران، عراق اور شام نے ملک بھر میں اپنی فضائی حدود بند کردی۔
اردن نے بھی اپنی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے بند کر دیا ہے جس کا نوٹم جاری کردیا گیا۔
فلائٹ راڈار کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان فضائی حدود کمرشل پروازوں سے خالی ہے۔ شام، اردن، لبنان، عراق، ایران اور اسرائیل کی فضائی حدود خالی ہیں۔