• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرشمہ کپور کے سابق شوہر سنجے کپور کے مرنے سے قبل آخری الفاظ کیا تھے؟

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

گزشتہ روز لندن میں پولو کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر جانے والے بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر، بھارتی صنعت کار سنجے کپور کے آخری الفاظ سامنے آ گئے۔

53 سالہ صنعت کار سنجے کپور جمعرات کو لندن میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، وہ آٹو مینوفیکچرر کمپنی کے سربراہ تھے جبکہ ان کی وجۂ شہرت اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر کے طور پر بھی تھی۔

سنجے کپور کی موت کے فوراً بعد ان کی موت کی بظاہر عجیب نوعیت کی خبریں سامنے آئیں، جن میں کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی موت شہد کی مکھی کے ڈنک سے ہوئی ہے۔

سنجے کپور کے آخری الفاظ کیا تھے؟

سنجے کپور کو لندن میں پولو کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑا، دی ٹیلی گراف کے مطابق پولو میچ میں موجود گواہوں نے ارب پتی کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ میں نے کچھ نگل لیا ہے۔

ان الفاظ سے بہت سے لوگوں نے یہ سمجھا کہ انہوں نے کوئی کیڑا نگل لیا ہے، بعد میں رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے شہد کی مکھی نگل لی تھی۔

ان کے دوست اور کاروباری ساتھی سہیل سیٹھ نے اے این آئی کو بتایا کہ بظاہر انگلینڈ میں ایک پولو میچ کے دوران شہد کی مکھی نگلنے کے بعد سنجے کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے، تاہم مصدقہ ذرائع سے اس دعوے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

سنجے کپور کی کمپنی سونا کومسٹار نے اپنے بیان میں ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی، لیکن مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

بالی ووڈ کے شائقین کے لیے سنجے کپور شاید کرشمہ کپور کے سابق شوہر تھے، لیکن اس شناخت کےعلاوہ بھی وہ اس سے کہیں زیادہ تھے، وہ ایک صنعت کار، ایک پولو کے کھلاڑی اور برطانیہ کے شہزادہ ولیم کے قریبی دوست کے طور پر جانے جاتے تھے۔

سنجے کپور نے موت سے چند گھنٹے قبل بھارت میں ہونے والے فضائی حادثے کے متاثرین سے تعزیت کے لیے سوشل میڈیا پر پیغام بھی پوسٹ کیا تھا۔

یاد رہے کہ کرشمہ کپور نے 2004ء میں سنجے کپور سے شادی کی تھی، سنجے کی کرشمہ سے یہ دوسری شادی تھی اور ان کے 2 بچے ہیں۔

اس جوڑے نے 2016ء میں علیحدگی اختیار کی تھی جس کے بعد کرشمہ نے طویل قانونی جنگ کے بعد بچوں کو حاصل کیا اور اب وہ والدہ کے ساتھ ممبئی میں قیام پزیر ہیں۔

کرشمہ کپور سے طلاق کے 1 سال بعد سنجے نے پریا سچدیو نامی ماڈل سے تیسری شادی کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید