اسلام آباد(جنگ رپورٹر)قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب خان نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ پاکستان میں عملی طور پر مارشل لاء نافذ ہے، کوئی ادارہ کام نہیں کر رہا ہے ، میں نےقومی اسمبلی میں اپنی تقریر سے بجٹ پر بحث کا آغاز کیاتھاسپیکر نے لائیو کوریج کا وعدہ کیا جسے پورا نہ کیا گیا اورمیری تقریر کے دوران اسمبلی، دفاتر اور پریس گیلری کا وائی فائی ہی بند کرکے میڈیا کو کوریج سے روک دیا گیاتھا ، موبائل فون پر نوٹس لینے سے بھی روک دیا گیا تھا ، حکومت جانتی ہے کہ موجودہ بجٹ عوام دشمن ہے اور اپوزیشن نے بجٹ کو جعلی قرار دیا ہے،حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کیلئے ایسے اوچھے ہتھکنڈے کر رہی ہے، یہ بجٹ مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ اور قوت خرید میں کمی لائے گا،جی ڈی پی گروتھ کا ہدف جھوٹ پر مبنی ہے جلد کم کر دیا جائے گا۔