میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بین الاقوامی ادارے کی جانب سے کراچی کو رہنے کےلیے بدترین شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کو مسترد کردیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کوئی بھی خود بیٹھ کر ایسی فہرستیں بنا دیتا ہے۔
عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہر کی برائی نہیں کرنی چاہیے، اس شہر میں آج بھی روزانہ کی بنیاد پر بہتر زندگی کے لیے لوگ آ رہے ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی اگر اتنا برا ہے تو تین کروڑ لوگ یہاں نہیں رہتے۔
یاد رہے کہ کراچی شہر کو دنیا کے بدترین قابلِ رہائش شہروں میں ایک بار پھر شامل کر لیا گیا ہے۔
عالمی جریدے اکانومسٹ انٹلیجنس یونٹ (EIU) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق کراچی کو 173 شہروں میں سے 170ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، یہ درجہ بندی پانچ شعبوں صحت، ثقافت و ماحول، تعلیم، بنیادی ڈھانچہ اور استحکام کی بنیاد پر کی گئی۔
کراچی کو 100 میں سے صرف 42.7 پوائنٹس ملے جبکہ رپورٹ کے مطابق کوپن ہیگن 98 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کا بہترین شہر قرار پایا۔
کراچی پاکستان کا واحد شہر تھا جو اس عالمی فہرست میں شامل ہوا مگر بدترین پوزیشن پر آیا ہے۔
گزشتہ سال کراچی کی درجہ بندی لاگوس، طرابلس، الجزائر اور دمشق کے ساتھ کی گئی تھی اور اس سے پچھلے سال کراچی 169ویں نمبر پر تھا۔