ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں ایک 32 سالہ پلاٹیس انسٹرکٹر نیلوفر والدین کے ہمراہ شہید ہوگئیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں 40 اہم مقامات کو نشانہ بنایا ہے، جن میں سینٹری فیوج اور اسلحہ ساز فیکٹریاں شامل ہیں، اب تک اسرائیلی حملوں میں ایران میں 240 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 70 خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ ایرانی حملوں میں اسرائیل میں 24 افراد مارے جا چکے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق تہران میں اسرائیلی میزائلوں نے رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا، جس میں ایک 32 سالہ پلاٹیس انسٹرکٹر نیلوفر قلعه وند بھی شامل ہیں، جو اپنے والد اور والدہ کے ہمراہ اسرائیلی حملے میں ہفتے کی صبح شہید ہوگئیں۔
نیلوفر کی دوست غزل نے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم جمعہ کی رات ایک کیفے میں کافی پی رہے تھے اور نیلوفر بھی ہمارے ساتھ موجود تھی، تاہم اگلے دن وہ ہم میں نہ رہی اور میزائل حملے میں شہید ہوگئی، ہمیں 28 جون کو اس کی سالگرہ منانی تھی۔
غزل کے مطابق نیلوفر کا گھر ایران کے اعلیٰ عسکری کمانڈر جنرل محمد باقری کی رہائش گاہ کے قریب واقع تھا، جو اسرائیلی حملے کا مبینہ ہدف تھا، نیلوفر ایک محنتی خاتون تھیں، جو 8 برس سے پلاٹیس سکھا رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کا خواب تھا کہ وہ انسٹاگرام پر اپنا فٹنس چینل شروع کرے اور ایک کامیاب ٹرینر بنے، مگر قسمت نے کچھ اور لکھ رکھا تھا۔