• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آیت اللّٰہ علی السیستانی نے ایرانی رہنماؤں کے قتل کو جرم قرار دیدیا

عراق کے مذہبی رہنما آیت اللّٰہ علی السیستانی—فائل فوٹو
عراق کے مذہبی رہنما آیت اللّٰہ علی السیستانی—فائل فوٹو

عراقی مذہبی رہنما آیت اللّٰہ علی السیستانی نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی رہنماؤں کے قتل کو جرم قرار دے دیا۔

ایرانی اخبار کے مطابق عراق کے مذہبی رہنما آیت اللّٰہ علی السیستانی نے ایران پر حملوں اور خامنہ ای کے قتل کی دھمکیوں کے بعد پہلا بیان جاری کر دیا۔

آیت اللّٰہ علی السیستانی نے کہا کہ ایران کی چوٹی کی مذہبی لیڈرشپ کے خلاف دھمکیاں دینے والوں کو خبردار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی عمل پورے خطے کےلیے ہولناک نتائج کا سبب بنے گا۔

عراقی مذہبی رہنما کا کہنا تھا کہ ناجائز جنگ کے خاتمے کےلیے خطے کے ممالک اور عالمی برادری بھرپور کوشش کریں۔

واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’غیر مشروط ہتھیار ڈالو‘، جبکہ اس سے پہلے ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کے موڈ میں نہیں ہیں۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ کوئی بھی امریکا سے اچھا سامان نہیں بنا سکتا، انہیں معلوم ہے کہ ایران کے نام نہاد سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کہاں چھپے ہوئے ہیں، وہ ایک آسان ہدف ہیں، فی الحال ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے نہیں جا رہے۔

 اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کا اشارہ دیا تھا۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا تھا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کے قتل سے ایران اسرائیل تنازع بڑھے گا نہیں بلکہ ختم ہو جائے گا۔

اس کے علاوہ اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو دھمکی دی تھی۔

اپنے ایک بیان میں اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ خامنہ ای کا بھی سابق عراقی صدر صدام حسین جیسا حشر ہو سکتا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ یاد رکھیں کہ ایران کے ہمسایہ ملک میں اسرائیل مخالف آمر کا کیا ہوا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید