• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران پر امریکی حملہ انتہائی خفیہ مشن تھا، صرف چند لوگ واقف تھے: امریکی جنرل ڈین کین

—فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا
—فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا 

امریکی جنرل ڈین کین کا کہنا ہے کہ ایران پر حملے کو مڈ نائٹ ہیمر کا نام دیا گیا ہے، ایران پر امریکی حملہ انتہائی خفیہ مشن تھا، صرف چند لوگ اس بارے میں واقف تھے۔

 پینٹاگون حکام نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایرانی فضائی حدود میں امریکی جنگی طیاروں پر ایران کی طرف سے کوئی حملہ نہیں ہوا، ایرانی وقت کے مطابق رات 2 بجے کے بعد ٹوما ہاک میزائلوں سے ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی جنرل کا کہنا ہے کہ امریکی حملے میں 75 فیصد گائیڈڈ ہتھیاروں کا استعمال ہوا، زمین سے فضا میں مار کرنے والا ایرانی دفاعی نظام ہمیں نہیں دیکھ سکا،  ابتدائی اندازوں کے مطابق ایران کی تینوں جوہری تنصیبات میں تباہی ہوئی اور شدید نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی مشن میں 125 سے زیادہ فوجی طیاروں نے حصہ لیا،  یہ امریکی تاریخ میں بی ٹو بمبار طیاروں کا سب سے بڑا حملہ تھا،  امریکی فوج اب بھی ہائی الرٹ ہے۔

پینٹا گون حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک ہمیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ ایران کی جانب سے کسی مزاحمت کا مظاہرہ کیا گیا ہو، اصفہان کی جوہری تنصیب کو ٹام ہاک میزائلوں نے نشانہ بنایا، ایرانی ریڈار امریکی جہازوں کو پکڑنے میں ناکام رہے ہیں، ایران کی تینوں ایٹمی سائٹس کو بھرپور نقصان پہنچا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہم ہر حال میں اپنا دفاع کریں گے، ہم امریکی فوج اور مشرق وسطیٰ میں امریکا کا مکمل تحفظ کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید