ترکیہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ایران پر حملے نے خطے میں عدم استحکام کے خطرے کو انتہا پر پہنچا دیا ہے۔
ترکیہ نے ایران پر امریکی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے شروع ہونے والا تنازع پورے خطے میں پھیلنے کا خطرہ بن چکا ہے۔
ترک حکومت نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے ممکنہ نتائج پر تشویش ہے۔
ترکیہ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال علاقائی تنازع کو عالمی جنگ میں بدل سکتی ہے، ہم اس تباہ کن منظر نامے کو حقیقت بنتے نہیں دیکھنا چاہتے۔
ترک حکومت کا کہنا ہے کہ تمام فریق ذمے داری کا مظاہرہ کریں اور فوری طور پر حملے بند کریں، مزید جانی نقصان اور تباہی سے بچنے کے لیے اشتعال انگیزی سے گریزکیا جائے۔
ترکیہ نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے، عالمی برادری فریقین کے درمیان سفارتی حل کے لیے کوششوں کا ساتھ دے، تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔