• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران میں اسرائیلی فضائی حملہ، پاسدارانِ انقلاب گارڈز کے 7 اہلکاروں سمیت 9 شہید

فوٹو بشکریہ ایکس
فوٹو بشکریہ ایکس

وسطی ایران میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں پاسدارانِ انقلاب گارڈز کے 7 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید ہو گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق  اسرائیلی فوج نے  یزد شہر میں دو فوجی مراکز کو نشانہ بنایا ہے، جس میں پاسدارانِ انقلاب گارڈز کے 7 اہلکار  اور 2 ایرانی فوجی بھی شہید ہوئے ہیں، حملے میں دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ 

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یزد کے علاقے میں ایرانی بیلسٹک میزائلوں کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

اس سے قبل  امریکا نے ایران پر بنکر بسٹر بموں اور میزائلوں سے حملہ کر دیا۔

فردو، نطنز اور اصفہان کی 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا  گیا، یہ حملہ کر کے امریکا بھی اسرائیل کی ایران پر مسلط کردہ جنگ میں شامل ہو گیا۔

برطانوی اخبار کی تفصیلی رپورٹ کے مطابق تاریخ کے سب سے بھاری روایتی بم گرانے کا فیصلہ واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کیا گیا۔

بی 2 بمبار طیاروں کا جُھنڈ میزوری کے وائٹمین ایئر فورس بیس سے لمبی پرواز کے لیے اُڑا، راستے میں کئی بار بی 2 بمبار طیاروں کی فضا میں ری فیولنگ کی گئی۔

جب یہ انتہائی جدید اسٹیلتھ بمبار طیارے اپنے ہدف کے نزدیک پہنچے تو ان کی مدد کے لیے گائیڈڈ میزائلوں سے لیس امریکی بحریہ کی آبدوز بھی پوزیشن لیے ہوئے تھی۔

بحیرۂ عرب میں متعدد جنگی بحری جہازوں کا فلیٹ بھی تیار تھا، جس میں ہر جہاز کے پاس 154 وارہیڈز لدے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید