• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطر کی ریاست پر حملہ ناقابل قبول اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے: قطری وزیراعظم

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب

قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن جاسم نے کہا ہے کہ قطر کی ریاست پر حملہ ناقابل قبول اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے۔

دوحہ میں لبنانی وزیر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قطری وزیر اعظم نے کہا کہ قطر میں امریکی اڈے پر ایران کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  خلیج تعاون کونسل کی دوست ریاستوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ایران اسرائیل جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کیا۔

محمد بن عبدالرحمٰن جاسم کا کہنا ہے کہ لبنان کے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی خواہش کی حمایت کرتے ہیں، خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

قطری وزیراعظم نے کہا کہ دوحہ کے قریب بیس پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہیں، قطری ایئر ڈیفنس نے کامیابی سے ایرانی حملہ ناکام بنایا، ایرانی حملے کے دفاع میں قطری فوج کے کردار کو سراہتے ہیں، ہماری افواج قطر کی خودمختاری کی حفاظت کرسکتی ہے۔

محمد بن عبدالرحمٰن نے کہا کہ ایران کے حملے پر ہمیں حیرت ہوئی تھی، امریکا نے جنگ بندی کے لیے قطر کو ایران سے رابطے کا کہا، ہم نے اس مقصد کے حصول کے لیے مؤثر سفارتی روابط قائم کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اسرائیل تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں، اُمید ہے سفارتکاری کامیاب اور جنگ بندی برقرار رہے گی، قطری امیر کو ایرانی صدر کی کال موصول ہوئی تھی، ایرانی صدر نے قطر میں امریکی اڈے کو نشانہ بنانے پراظہار افسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال جلد از جلد قابو میں آ جائے گی، مصر اور امریکا کے ساتھ مل کرغزہ میں جنگ بندی کے حصول کی کوششیں جاری ہیں، اسرائیل نے خطے کو جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کی، جی سی سی ریاستیں ایسے حملوں کی مذمت کرتی ہیں، فضائیہ نے ایک کے سوا تمام ایرانی میزائلوں کو روکا، خطے میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید