کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد متاثرہ ممالک ایران عراق اور اسرائیل سمیت خطے کی تمام فضائی حدود کھول دی گئی ہیں تاہم فلائٹ آپریشن مکمل بحال نہیں ہو سکا ہے اس نمائندے کی تحقیق کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے بعد ایرانی فضائی حدود مشروط طور پر کھولی گئی ہے جس کیلئے تہران سے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی پروازوں کو حکومت سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ فضائی حدود کھلنے کے بعد تہران سے مہان ایئر کی دہلی کے لیے پہلی پرواز ڈبلیو 571شام ساڑھے 6 بجے روانہ کی گئی اس کے علاوہ رات گئے تک ایران کے امام خمینی ایئرپورٹ تہران، تبریز، شیراز مشہد یا کسی اور ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہو سکا تھا۔ ایرانی طیاروں کی امد اور روانگی کا سلسلہ بدھ سے شروع ہونے کی امید ہے۔ ایران کے ان ایئرپورٹس پر امارات اور ترکش ایئر لائن کے 12 دن سے پھنسے طیاروں کی روانگی بھی بدھ سے متوقع ہے۔ عراق کے سرحدی شہر بصرہ سے پروازیں پہلے ہی اڑان بھر رہی تھیں جو ٹیک آف کے فوری بعد پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے آپریشن برقرار رکھے ہوئے تھیں۔ اب ان پروازوں نے اپنے ملک عراق کی فضائی حدود سے گزرنا شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح عراق کے سب سے بڑے ایئرپورٹ بغداد سے فلائٹ اپریشن رات گئے تک شروع نہیں ہو سکا تھا۔