• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک،ایران گیس پائپ لائن پر کام شروع کرکے منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، حافظ نعیم

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پاکستان،ایران گیس پائپ لائن پر کام کا آغاز کرکے اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، وقت آگیا ہے پاکستان، ایران، افغانستان، بنگلہ دیش اور ترکی دفاعی تعاون کا معاہدہ کریں اور یک طرفہ امریکی بالادستی کے خاتمے اور دنیا میں طاقت ور بلاک کے قیام کے لیے چین اور روس کو بھی ساتھ ملائیںانہوں نے چینی کی پہلے برآمد پھر درآمد اور پنجاب حکومت کی آڈٹ رپورٹ میں کھربوں کی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ جمعرات کے روز منصورہ میں امیر جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے چینی کی پہلے برآمد بعدازاں درآمد اور پنجاب حکومت کی آڈٹ رپورٹ میں کھربوں کی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے بھی مطالبات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چچا بھتیجی نام نہاد سکیموں کے افتتاح اور ترقی کے نام پر عوام کو بے وفوف بنا رہے ہیں اور عوام کے ٹیکسوں سے ذاتی تشہیر کررہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت شرح سود میں رواں برس پانچ فیصد کمی کرے اور آئندہ برس اسے مکمل طور پر ختم کیا جائے، بجلی کی قیمتیں لاگت کے مطابق کی جائیں اور آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمے پر پیش رفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔ حالیہ بجٹ کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ سولر پینل پر کسی قسم کی ڈیوٹی نہیں لگنی چاہیے۔ حکمرانوں نے زراعت کا بیڑہ غرق کردیا ہے اور اس تباہی میں پنجاب حکومت کا سب سے زیادہ کردار ہے، چھوٹا کسان پریشان، ٹیکسوں کا بوجھ عام افراد پر ڈالنے کی بجائے حکمران اپنی مراعات کم کریں۔ حافظ نعیم نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کرائی جائے، حکومت پاکستان میں حماس کو دفتر کھولنے کی اجازت دے۔

ملک بھر سے سے مزید