• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی عدالت نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کیخلاف مقدمہ مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو—فائل فوٹو
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو—فائل فوٹو 

اسرائیلی عدالت نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی، نیتن یاہو کے خلاف کرپشن کا مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔

نیتن یاہو کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ حالیہ ایران کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے بعد وہ سیکیورٹی معاملات پر توجہ دینا چاہتے ہیں، اس لیے انہیں آئندہ 2 ہفتوں کے لیے سماعتوں سے استثنیٰ دیا جائے۔

اسرائیلی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نیتن یاہو کی درخواست میں کوئی واضح یا تفصیلی جواز موجود نہیں جس کی بنیاد پر سماعتیں منسوخ کی جائیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم اور ان کی اہلیہ سارہ پر کرپشن کے متعدد کیسز اسرائیلی عدالت میں زیرِ سماعت ہیں۔

پہلے کیس میں نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ارب پتی افراد سے قیمتی تحائف وصول کیے ہیں۔

دوسرے 2 کیسز میں نیتن یاہو پر الزام ہے کہ انہوں نے اسرائیلی میڈیا اداروں سے اپنے حق میں مثبت کوریج کے لیے ڈیل کرنے کی کوشش کی۔

اس سے قبل  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید