کولمبو(جنگ نیوز) بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل سری لنکا کے مکمل غلبے کے ساتھ ختم ہوا۔ میزبان ٹیم فتح سے محض 4 وکٹیں دور ہے۔ بنگلہ دیش نے 211 رنز کی پہلی اننگز کی برتری کے جواب میں اپنی دوسری اننگز میں 115 رنز پر 6 وکٹیں گنوا دیں ۔ مشفق الرحیم 26، کپتان نجم الحسین شانتو اور مومن الحق 19،19رنز بناسکے ۔ دھننجیا ڈی سلوا اور پراباتھ جے سوریا نے2، 2 وکٹیں حاصل کیں ۔ اسے ابھی بھی اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے96رنز درکار ہیں۔ جمعہ کو دن کا آغاز سری لنکا نے 2وکٹوں پر 290رنز کے ساتھ کیا۔ پاتھم نسانکا 158 پر تیج الاسلام کا نشانہ بن گئے، اسپنر نے 5وکٹیں حاصل کیں ۔ تاہم کوشل مینڈس نے 84رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹوٹل 458 رنز تک پہنچادیا ۔