• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھمکیاں، دباؤ، جنون: روہت شرما نے دکھایا پاک بھارت میچ کا منظر

ممبئی (جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما نے تازہ انٹرویو میں پاک بھارت میچ کی شدت بیان کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک کرکٹ میچ نہیں ہوتا بلکہ یہ تناؤ، دھمکیوں اور شدید جذباتی لمحات سے بھرا ایک شو ڈاؤن ہوتا ہے۔ نیویارک میں ٹی 20ورلڈکپ میچ کے ایک سال ہونے پر انہوں نے اس میچ کی یادیں تازہ کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میچ میں بھارتی ٹیم کو سکیورٹی کے خدشات، ہوٹل کے لاک ڈاؤن اور مداحوں کے بے پناہ جنون کا سامنا تھا۔ اس جیسا کچھ نہیں ہوتا۔ میچ سے قبل کی صورتحال غیر معمولی تھی، اس سے دو دن قبل سیکورٹی خدشات اور چیلنجز کے پیش نظر ہمیں ہوٹل سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔ ہم کمروں میں کھانا آرڈر کر رہے تھے۔ مداح، میڈیا، ہر کوئی وہاں موجود تھا۔ تب آپ کو احساس ہوتا ہے کہ یہ عام میچ نہیں، کچھ خاص ہونے والا ہے۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024کے اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو ایک کم اسکور والے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی تھی۔

اسپورٹس سے مزید