کراچی( افضل ندیم ڈوگر) امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کی ناکام محبت کی کہانی ابھی پرانی نہیں ہوئی کہ تیونس کی لڑکی کی کراچی میں لو اسٹوری کے افسوناک انجام کی نئی کہانی سامنے آگئی ہے۔ نارتھ افریقہ کے ملک ٹیونیشیا کے دارالحکومت ٹیونس کی رہائشی 19 سالہ سندا ایاری نے کراچی کے وومن تھانے پہنچ کر پناہ کی درخواست دی ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی 28نومبر 2024 کو کراچی آئی۔ اس کی اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیا آباد کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی۔ جنونی محبت میں مبتلا ہوکر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ جس کیلئے سندا پاکستانی ویزا حاصل کرکے کراچی پہنچ گئی۔ اسے عامر اور دیگر نے کراچی ایئرپورٹ سے ریسیو کیا۔ اگلے ہی دن عامر کے اہلخانہ نے ایک تقریب میں دونوں کی شادی کرادی۔ نکاح نامہ 6 مارچ کو لیاری کی یونین کونسل بغدادی میں رجسٹرڈ ہوا۔ خاتون کے مطابق شادی کے بعد وہ خوش و خرم رہے۔ چند ماہ قبل دونوں میں معمولی باتوں پر تلخیاں پیدا ہونا شروع ہوئیں۔ جس کے بعد عامر نے اسے طلاق دے دی۔ لڑکی کے مطابق وہ اب اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق سندا کا پاکستان کا 90 دن کا ویزا 18 فروری کو زائد المیعاد ہو چکا ہے۔ ویزا کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر وہ واپس نہیں جا سکتی۔ ویزا کی تجدید کے لگ بھگ 400 امریکی ڈالر اور سوا دو لاکھ سے زائد کی ہوائی ٹکٹ کے انتظام کا بھی لڑکی پر بوجھ ہے۔ اس نمائندے کے رابطہ کرنے پر عامر کے اہلخانہ نے بتایا کہ ٹیونس سے پاکستان آنے سے وہ سندا کو بار بار منع کرتے رہے کہ وہ اس کے اخراجات برداشت نہیں کر سکیں گے مگر لڑکی نے ہر طرح کے حالات میں رہنے کا یقین دلایا اور بضد ہوکر پاکستان پہنچی۔ اہل خانہ کے مطابق شادی کے بعد لڑکی عجیب و غریب حرکات کرتی رہی۔ وہ بات بات پر عامر سے لڑتی اس پر تشدد کرنے لگی۔ گھر کا سکون برباد ہوگیا۔ بالاخر علیحدگی پر بات ختم کی۔ اہلخانہ نے بتایا کہ سندا کسی کی نہیں سنتی تھی۔ وہ اکثر بہکی بہکی باتیں اور حرکتیں کرتی ہے۔ دوپٹے اور چپل کے بغیر گھر سے باہر نکل کر کھڑے ہوجاتی ہے۔ وہ اس سے عاجز آچکے ہیں اور کسی صورت سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ پولیس کے مطابق لڑکی نے لڑکے کے خلاف تشدد یا زیادتی کی کوئی شکایت نہیں کی پولیس اس سلسلے میں عورت ہونے کے ناطے اسے شیلٹر دے رہی ہے اس کی واپسی کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔