سستی بجلی معیشت ہی نہیں زندگی کے تمام شعبوں کی فعالیت اورترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے اور یہ امر اطمینان بخش ہے کہ موجودہ حکومت ماضی کی غلط پالیسیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بجلی کے نظام میں بنیادی اصلاحات عمل میں لارہی ہے جس کا نتیجہ ارزاں اور وافر بجلی کی فراہمی کی صورت میں متوقع ہے۔وزیر اعظم نے گزشتہ روز’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ‘‘ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بجلی صارفین کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کراتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت سولر پاور کے فروغ سے دستبردار نہیں ہوگی ۔ یہ وضاحت اس بنا پر اہم ہے کہ حالیہ دنوں میں اس حوالے سے پریشان کن خبریں منظر عام پر آتی رہی ہیں جبکہ سولر پاورلاکھوں پاکستانی گھرانوں ، کارخانوں ، دفاتر، مساجد اور مختلف النوع اداروں کیلئے سستی بجلی کے حصول کا آسان ذریعہ ہے۔ وزیر اعظم نے صراحت کی کہ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ سلسلہ وار انقلابی اصلاحات کا حصہ ہے جو وزارت بجلی میں ایک سال سے وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ اس منصوبے کی افادیت وزیر توانائی کے اس انکشاف سے عیاں ہے کہ اب تک 110 ارب روپے اوور بلنگ کی مد میں صارفین کو واپس کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ موجودہ دور میں محکمہ بجلی میں بے پناہ اصلاحات ہوئیں‘ ڈسکوز کے بورڈز میں انقلابی تبدیلیاں کی گئیں ،کرپٹ مافیا کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے گئے،بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے وزیر توانائی اور ٹاسک فورس نے بے پناہ محنت کی۔بجلی کی قیمتوں میں کمی کو حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستانی آئی پی پیز سے ان کی شرائط اور پاکستانی بینکوں سے گردشی قرض کے سود پر بات چیت کے مراحل بھی خوش اسلوبی سے طے پارہے ہیں۔ وفاقی حکومت اور وزارت توانائی کی یہ کاوشیں یقینا لائق تحسین ہیں اور ان کے نتائج اِن شاء اللہ قومی زندگی کی مجموعی بہتری کی شکل میں رونما ہوں گے۔