کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ گزشتہ سال نالوں کی صفائی کے لیے 41کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے لیکن صفائی نہیں کی گئی اور اب 60کروڑ روپے رکھے گئے ہیں اور نالوں کی صورتحال سب کے سامنے ہے، نالے کوڑے سے بھرے پڑے ہیں،میئر شپ پر قبضہ کرنے اور فارم 47کے ذریعے حکومت کرنے والے کراچی کے عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہیں اور نہ یہ عوام کے مسائل حل کر سکتے ہیں ،ان خیالات ک ا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ادارہ نور حق میں امراء اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شہر کے انفرا اسٹرکچر کی تباہ حالی، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور پانی کے بحران کا جائزہ لیا گیا اور سندھ حکومت، قابض میئر کے ایم سی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر کارپوریشن کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حق اور مسائل کے حل کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی ، یوسی اور وارڈز کی سطح پر شہر بھر میں ”عوامی کمیٹیاں“ تشکیل دی جائیں گی، کمیٹیوں میں علاقہ مکینوں بالخصوص نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا اور علاقائی سطح پر ”ممبرز کنونشن“ بھی منعقدکیے جائیں گے، حقوق کراچی تحریک مزید تیز ومنظم اور ممبر سازی مہم بھی جاری رکھی جائے گی۔