الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا، خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن 21 جولائی کو ہوگا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی سے سینیٹ کی خالی نشستوں پر پولنگ 21 جولائی کو ہوگی، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے سیکریٹری خیبر پختونخوا اسمبلی کے نام خط میں کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر ممبران کے حلف کے لیے جلد انتظامات کریں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کی 7 جنرل، 2 خواتین کی سینیٹ نشستوں پر الیکشن ہوگا، خیبر پختونخوا کی 2 ٹیکنوکریٹ سینیٹ نشستوں پر بھی الیکشن ہوگا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو سینیٹ نشستوں پر انتخابات اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی طرف سے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران صوبائی اسمبلی سے حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج نا مکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کیے تھے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکریٹری خیبر پختونخوا اسمبلی کے نام خط میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، اب امیدواروں کا آئین کے مطابق حلف ہونا ہے،اس سلسلےمیں انتظامات کریں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفیٰ کے بعد ان کی خیبر پختونخوا سے خالی نشست پر بھی الیکشن شیڈیول کا اعلان کیا، پولنگ 31 جولائی کو ہوگی۔ سینیٹر ساجد میر کی وفات سے پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 21 جولائی کو ہوگی۔
قومی اسمبلی سے خیبر پختونخوا کے لیے مسلم لیگ ن کے دو ارکان کی خالی نشست پر الیکشن پروگرام جاری کیا گیا ہے، جس کی حتمی فہرست 24 جولائی کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے 2 جولائی 2025 کو مخصوص نشستوں پر جن ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ان کی حلف برداری کے لیے بھی اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیے ہیں۔
سینیٹ میں خیبر پختونخوا کی جنرل نشست جیتنے کےلیے 21، خواتین کی نشست کےلیے 73 اور ٹیکنوکریٹ کی نشست کےلیے 73 ووٹ درکار ہوں گے۔