امریکا میں ریچھ کا ایک خاندان ایک گھر میں داخل ہوکر وہاں سے کھانا چرا کر فرار ہوگیا۔
اس حوالے سے امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں جنگلی حیات کے اہلکاروں نے بتایا کہ ایک مادہ ریچھ اپنے چار بچوں کے ساتھ ایک گھر میں گھس گئی اور پینٹری (نعمت خانہ یا کھانا رکھنے والی الماری) سے کھانے پینے کی اشیاء نکال کر پولیس کے وہاں پہنچنے سے قبل فرار ہوگئی۔
کنیکٹیکٹ کے ڈپارٹمنٹ آف انرجی اینڈ انوائرمینٹل پروٹیکشن کے مطابق گرانبی کے علاقے بارنڈور ہلز میں ہفتے کو مذکورہ بالا ریچھ اپنے بچوں کے ساتھ اسکرین ڈور توڑ کر اندر داخل ہوکر بیسمنٹ میں چلی گئی۔
اس موقع پر اینکون پولیس کو طلب کیا گیا، تاہم جب تک پولیس پہنچی ریچھ اور اسکے بچے کھانے کی چیزیں چرا کر وہاں سے چلے گئے تھے۔
مقامی حکام کے مطابق جب یہ واقعہ پیش آیا تو گھر کے اندر وہاں رہنے والے موجود تھے لیکن وہ محفوظ رہے۔ پولیس نے علاقے کو سرچ کیا لیکن انھیں ریچھ اور اسکے بچے نہیں ملے۔