وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی سے جماعتِ اسلامی کے بلدیاتی وفد نے سندھ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔
جماعتِ اسلامی کے وفد کی قیادت بلدیہ کراچی میں قائدِ حزبِ اختلاف سیف الدین ایڈووکیٹ نے کی ہے۔
ملاقات میں جماعتِ اسلامی سے تعلق رکھنے والے ٹاؤن چیئرمین بھی شریک تھے، وفد نے کراچی کو درپیش بلدیاتی مسائل کے حوالے سے وزیر بلدیات کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق جماعتِ اسلامی کی جانب سے کراچی کے ٹاؤنز اور یونین کونسلز کو فنڈز کی بروقت فراہمی کا معاملہ ملاقات میں اٹھایا گیا۔
جماعتِ اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے ٹاؤنز اور یونین کونسلز کو مناسب فنڈز کی بروقت فراہمی ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ بلدیات سے ملاقات میں جماعتِ اسلامی کے وفد نے ایس بی سی اے اور مخدوش عمارتوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت مخدوش عمارتوں کے مکینوں کی آباد کاری کو یقینی بنائے۔