• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی جیسمین منظور بھی گھریلو تشدد کا شکار

---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والی پاکستان کی سینئر صحافی جیسمین منظور خود گھریلو تشدد کا شکار بن گئیں۔

پاکستان کی معروف صحافی اور اینکر پرسن جیسمین منظور نے ایک ایسا انکشاف کیا ہے جس نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ ہمیشہ مضبوط، خودمختار اور بےباک سوالات کے لیے مشہور جیسمین اب اپنی ذاتی زندگی کے دردناک پہلو کو دنیا کے سامنے لائی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے کی باہمت خواتین بھی ظلم کا شکار ہو سکتی ہیں۔

جیسمین منظور نے کچھ عرصے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اشارے دیے تھے کہ وہ جلد کسی اہم معاملے کو بےنقاب کریں گی اور اب انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر واضح کیا کہ وہ اپنے سابق شوہر کے ہاتھوں گھریلو تشدد کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔

سینئر صحافی نے بتایا کہ میرے سابق شوہر نے متعدد بار مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے اپنے چہرے پر تشدد کے واضح نشانات والی تصاویر بھی شیئر کیں، جس میں ان کی آنکھیں سوجی ہوئی اور چہرہ بُری طرح زخمی نظر آ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اب اس شخص سے طلاق لے چکی ہوں، لیکن یہ افسوسناک ہے کہ وہ شخص اب بھی آزادی سے بیٹھا ہوا ہے اور کوئی کارروائی نہیں کی گئی، میں نے اپنے زخموں کو چھپایا، خاموشی اختیار کی لیکن اب وقت ہے کہ سچ سامنے آئے، ایک عورت چاہے کتنی ہی مضبوط ہو، بعض اوقات وہ بھی ٹوٹ جاتی ہے۔

جیسمین کے اس انکشاف پر سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ صارفین غصے، دکھ اور حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔

صارفین کا کہنا تھا کہ صرف ایک حیوان ہی ایسا کر سکتا ہے، کوئی تعلیم یافتہ انسان ایسی حرکت نہیں کر سکتا، یہ بات شیئر کرنا آسان نہیں تھا، دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اس ظالم کو بےنقاب کرو، ایسے مرد معاشرے کا دھبہ ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، آپ کی آواز بےآواز عورتوں کے لیے روشنی بنے گی۔

قومی خبریں سے مزید