محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے قریب آج دوپہر یا شام میں گہرے بادل بن سکتے ہیں، جس سے شہر میں آج ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل درمیانی شدت کی بارش کا ایک اچھا اسپیل برس سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک اور مون سون سسٹم جولائی کے آخر میں سندھ پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب مون سون کی طاقتور ہوائیں سندھ کے بیشتر علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جامشورو اور کراچی ڈویژن میں بھی آج اور کل کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ آج اور کل گھوٹکی، خیرپور، سانگھڑ، میرپور خاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد میں وقفے وقفے سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ درمیانی اور کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل سند کے دیگر مختلف علاقوں جن میں ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، سکھر، شکارپور، شہیدبینظیر آباد، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، دادو، اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں، میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارش سے بالائی سندھ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے یا اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ معمولات متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ کمزور عمارتوں جیسے کچے گھروں کی چھتیں یا دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسمی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں۔