پشاور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے توہینِ عدالت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر کا دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیا۔
عدالت نے سی سی پی او کو ایس ایچ او کو مفروروں کی لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلے کی کاپی سی سی پی او کو ارسال کرنے کا بھی حکم دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے ایس ایچ او کو 21 جون کو سپرداری پر گاڑی واپس کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم تھانہ بڈھ بیر کے ایس ایچ او نے تاحال شہری کو گاڑی واپس نہیں کی۔
فیصلے کے مطابق عدالت نے متعدد بار مختلف دفعات کے تحت ایس ایچ او کو نوٹسز بھی جاری کیے، مگر ایس ایچ او نے صرف تحریری جواب جمع کرایا ہے کہ گاڑی کی انکوائری ہو رہی ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ دورانِ سماعت ایس ایچ او مسلسل عدالت پیش نہیں ہوئے اور نہ عدالتی احکامات کی پیروی کی، عدم پیروی پر ایس ایچ او کے خلاف دفعہ 512 کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔