پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست پرضمنی الیکشن کل 21جولائی کو ہو گا۔
پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن مقرر کیا گیا ہے، الیکشن کمشنر پنجاب ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے، 371 کے ایوان میں سے 369 ارکان ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، جبکہ پنجاب اسمبلی کی 2 نشستیں خالی ہیں۔
مرکزی جمعیتِ اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی وفات سے پنجاب سے سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن کل 21 جولائی کو ہو رہا ہے، اس نشست پر مسلم لیگ ن کی جانب سےحافظ عبدالکریم جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مہر عبدالستار امیدوار ہیں، 2 آزاد امیدوارخدیجہ صدیقی اور اعجاز حسین بھی میدان میں ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے ایوان میں مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کےارکان کی کل تعداد 261 جبکہ اپوزیشن اتحاد کے ارکان کی تعداد 108 ہے، کامیابی کے لیے 184 اعشاریہ 5 ووٹ درکار ہیں۔
اپوزیشن کے میاں اسلم اقبال نے بطور رکنِ اسمبلی ابھی تک حلف نہیں اٹھایا، اس لیے وہ ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل نہیں، جبکہ دوسری نشست پیپلز پارٹی کے علمدار عباس قریشی کے استعفے دینے کے باعث خالی ہے۔
اُدھر ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق تمام ارکانِ پنجاب اسمبلی اپنا اسمبلی کارڈ دکھا کر ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، پولنگ کا عمل صبح 9 سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔