• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: 2006ء ممبئی ٹرین دھماکے کے 12 ملزمان بری، عدالت نے فیصلہ سنادیا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ممبئی ہائی کورٹ نے 2006ء میں ٹرین بم دھماکوں کا فیصلہ سنا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے 2006ء کے ٹرین بم دھماکے کے 12 ملزمان کو بری کر دیا۔

ممبئی ہائی کورٹ نے کہا کہ ممبئی پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا، استغاثہ نے جن ثبوت کا سہارا لیا وہ سزا کے لیے کافی نہیں ہیں، استغاثہ کے مرکزی گواہ بھی ناقابل اعتبار ہیں، 4 سال تک گواہ کا خاموش رہنا اور پھر اچانک تمام ملزمان کو شناخت کرنا ایب نارمل ہے۔

عدالت نے کہا کہ جس طرح شناخت پریڈ کرائی گئی اُس پر بھی سوال اٹھتے ہیں، کچھ گواہوں پر تو جرح ہی نہیں کی گئی، یہ ماننا مشکل ہے کہ ملزموں نے جرم کیا۔ 

ممبئی ہائی کورٹ نے مزید کہا کہ وکلاء صفائی کی دلیل منظور کی جاتی ہے کہ ملزموں پر تشدد کر کے اقبالِ جرم کروایا گیا، اِس لیے سزا کالعدم کی جاتی ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ٹرین حملوں کے 11 ملزمان کو جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔

بھارتی اخبار کے مطابق 11 جولائی 2006ء کو لوکل ٹرینوں میں ویسٹرن لائن پر مختلف مقامات پر 7 دھماکے ہوئے تھے، دھماکوں میں 189 افراد ہلاک اور 827 زخمی ہوئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹرائل کورٹ نے 2015ء میں 12 ملزمان کو سزا سنائی تھی، ٹرائل کورٹ نے 5 ملزمان کو سزائے موت جبکہ بقیہ کو دیگر سزائیں سنائی تھیں۔

واضح رہے کہ ٹرین بم دھماکوں کے 12 ملزمان میں سے 1 ملزم اپیل کے دوران وفات پا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید