پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں بھی غیر معمولی بہتری آئی ہے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی لاہور میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر اور وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری، کمیونٹی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی۔
ملاقات میں پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، باہمی دلچسپی کے امور اور جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر ملک نور اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی خاص طور پر جاپان میں مقیم افراد، اب پنجاب میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں، مریم نواز کی ترقی پسند سوچ اور شفاف طرز حکمرانی نے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کا اعتماد بحال کیا ہے۔
ملک نور اعوان نے وزیراعلیٰ کو جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے افراد صحت، تعلیم اور روزگار جیسے شعبوں میں اپنے وطن کی مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے مسائل کو سننے اور حل کرنے کے لیے مستقل رابطے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملک نور اعوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) جاپان، مریم نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی ہر کاوش میں شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔