بھارت میں جعلی سفارتخانہ چلانے کا انکشاف سامنے آیا، غیر ملکی لگژری گاڑیاں اور لاکھوں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے غازی آباد میں ایک جعلی سفارت خانے کو بے نقاب کرتے ہوئے ہارش وردھن نامی ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے، جو گرینڈ ڈچی آف ویسٹ آرکٹیکا کے نام پر قونصل جنرل ہونے کا دعویٰ کر رہا تھا۔
بھارتی سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ غازی آباد میں بنی دو منزلہ پرتعیش عمارت، بھارت اور ویسٹ آرکٹیکا کے جھنڈے اور 4 سفارتی نمبر پلیٹس والی لگژری گاڑیاں اس جعلی سفارتی مشن کا حصہ تھیں، جو 2017 سے کام کر رہا تھا، ملزم بیرون ملک ملازمتوں کے جھوٹے وعدے کرکے لوگوں کو لوٹتا تھا، جبکہ اس پر حوالہ کے ذریعے منی لانڈرنگ اور جعلی سفارتی دستاویزات تیار کرنے کے الزامات بھی عائد ہیں۔
ایس ٹی ایف نے چھاپے کے دوران 44 لاکھ بھارتی روپے نقد، غیر ملکی کرنسی، 18 سفارتی نمبر پلیٹس، 12 مائیکرو نیشنز کے جعلی سفارتی پاسپورٹ، وزارتِ خارجہ کے جعلی دستاویز اور قیمتی گھڑیوں کا ذخیرہ بھی برآمد کیا ہے۔
تحقیقات میں بتایا گیا کہ ملزم جین خود کو ایچ ایچ وی جین ظاہر کرتا تھا اور ویسٹ آرکٹیکا کے دہلی میں نام نہاد قونصل جنرل کے طور پر مختلف سماجی تقریبات وغیرہ بھی منعقد کرتا تھا تاکہ خود کو معتبر ظاہر کرسکے۔