پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) جاپان کے صدر اور کشمیر ایگزیکٹو فورم جاپان کے سربراہ شاہد مجید نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں سفیر پاکستان سے ہونے والی ملاقات انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا رہی۔
شاہد مجید کے مطابق اس ملاقات کے دوران جاپان میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے، کشمیری کمیونٹی کے مسائل اور قومی سطح پر ان کے کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہوں نے سفیر پاکستان کو اس امر سے آگاہ کیا کہ جاپان میں مقیم کشمیری برادری وطن سے جڑی صورتحال پر ناصرف گہری نظر رکھتی ہے بلکہ مسئلہ کشمیر کو پُرامن طریقے سے اُجاگر کرنے کے لیے مسلسل کوشاں بھی ہے۔
اس حوالے سے کشمیر ایگزیکٹو فورم کی خدمات اور جاری سرگرمیوں سے بھی سفیر پاکستان کو آگاہ کیا گیا۔
سفیر پاکستان نے نہایت سنجیدگی سے تمام نکات سنے اور یقین دہانی کروائی کہ سفارت خانۂ پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔
شاہد مجید نے اس موقع پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کشمیری کمیونٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمیشہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں ناصرف کشمیری کمیونٹی کے حوصلے بلند کرتی ہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر مؤثر ترجمانی میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
شاہد مجید نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں بھی یہ رابطہ اور تعاون جاری رہے گا تاکہ کشمیری عوام کی آواز دنیا تک مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکے۔