• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹے کی موت کے بعد مجھ سے زبردستی کاغذات پر دستخط کروائے گئے، والدہ سنجے کپور

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

معروف بزنس مین اور اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر سنجے کپور  کی والدہ رانی کپور کا کہنا ہے کہ بیٹے کی موت کے بعد ان سے زبردستی کاغذات پر دستخط کروائے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ انتقال کرجانیوالے نامور بزنس مین سنجے کپور کی والدہ رانی کپور نے خاندانی کمپنی سونا کومسٹر کے بورڈ کو جذباتی خط لکھ کر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ 

انہوں نے کہا ہے کہ انہیں بیٹے کے انتقال کے فوراً بعد ’زبردستی دروازہ بند کر کے دستاویزات پر دستخط کروائے گئے‘ اور ’زندگی گزارنے کے لیے چند افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔‘

یہ خط سونا کومسٹر کی سالانہ جنرل میٹنگ سے چند گھنٹے قبل سامنے آیا، جس میں رانی کپور نے خود کو سونا گروپ کی سب سے بڑی شیئر ہولڈر قرار دیا اور میٹنگ کو دو ہفتے مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا۔

سنجے کپور کی والدہ  رانی کپور نے الزام لگایا کہ کچھ افراد جن میں ممکنہ طور پر ان کی بہو پریا سچدیو کپور بھی شامل ہیں، خود کو خاندانی نمائندہ ظاہر کر کے بورڈ میں ڈائریکٹر کے طور پر تقرری کروا رہے ہیں، جبکہ ان کا دعویٰ ایسے دستاویزات پر مبنی ہے جن پر مجھ سے زبردستی دستخط کروائے گئے۔

رانی کپور نے اپنے خط میں کہا کہ انتہائی ذہنی اور جذباتی اذیت میں ہونے کے باوجود مجھ سے بند کمرے میں زبردستی دستخط لیے گئے۔ میری بارہا درخواست کے باوجود مجھے ان کاغذات کی تفصیلات نہیں دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے میرے اکاؤنٹس تک رسائی سے مکمل طور پر محروم کر دیا گیا ہے اور میں محض چند افراد کے رحم و کرم پر ہوں۔ یہ سب کچھ میرے اکلوتے بیٹے کی وفات کے ایک ماہ کے اندر اندر ہوا ہے۔

رانی کپور نے کمپنی بورڈ پر الزام لگایا کہ وہ خاندان کی مرضی کے بغیر ڈائریکٹرز کی تقرری کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں نے کسی کو بھی سونا گروپ یا اس سے منسلک کسی کمپنی کے بورڈ میں شامل کرنے کے لیے نہ تو کوئی رضا مندی دی ہے اور نہ ہی کسی کو اپنی نمائندگی کی اجازت دی ہے۔

خط کے آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ میری رضامندی کے بغیر کوئی بھی فیصلہ نہ کیا جائے اور دعویٰ کیا کہ انہیں خیر خواہوں سے ایسی اطلاعات ملی ہیں جو غیر قانونی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔

دوسری جانب  ابھی تک سونا کومسٹر بورڈ کی جانب سے اس خط پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ سنجے کپور جو آٹو موبائل انڈسٹری کے معروف صنعتکار تھے، بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر تھے، 2003 سے 2016 تک ان کی کرشمہ کپور سے شادی رہی تھی، اس سے قبل ان کی پہلی شادی 1996 سے 2000 تک فیشن ڈیزائنر نندیتا مہتانی سے رہی۔

2017 سے وہ ماڈل اور اداکارہ پریا سچدیو کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھے، 12 جون 2024 کو وہ لندن میں پولو کھیلتے ہوئے 53 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال  کرگئے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید