• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کیخلاف جارحیت کا ایسا جواب دیا جائے گا جو چھپانا ممکن نہیں ہوگا: ایرانی وزیرِ خارجہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران پر دوبارہ حملہ ہوا توسخت، واضح اور فیصلہ کن جواب دیں گے، جارحیت دہرائی گئی تو ایسا جواب دیا جائے گا جسے چھپانا ممکن نہ ہو گا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے نئے بیان میں عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کو بخوبی معلوم ہے کہ حالیہ امریکی اسرائیلی جارحیت کے دوران ہمیں اور ہمارے مخالفین کو کتنا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کو ان نقصانات کا بھی علم ہے جنہیں اب تک چھپایا جا رہا ہے، اگر دنیا کو ایرانی جوہری پروگرام پر تحفظات ہیں تو اسے سمجھ لینا چاہیے کہ صرف مذاکرات کے ذریعے ہی مسئلے کا کوئی حل نکالا جاسکتا ہے،  ہم کبھی دھونس، دھمکی یا زور زبردستی کی زبان کو نہیں مانتے۔

ایرانی وزیر خارجہ  کا کہنا تھا کہ تہران ریسرچ ری ایکٹر 20 فیصد افزودہ یورینیم پر کام کر رہا ہے،  تہران جوہری ریسرچ ری ایکٹر روز 10 لاکھ سے زیادہ مریضوں کو طبی ریڈیو آئسوٹوپس فراہم کرتا ہے، ہمیں اپنے نئے جوہری بجلی گھروں کے لیے یورینیم افزودہ کرنے کی ضرورت ہے، بارہا کہہ چکے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔

خیال رہے کہ عباس عراقچی کے اس بیان سے چند گھنٹے قبل امریکی صدر نے اسکاٹ لینڈ میں برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کی جانب سے اچھے اشارے نہیں مل رہے اور اگر ایران نے دوبارہ جوہری صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کی تو وہ ایران پر دوبارہ حملہ کر دیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید